تازہ تر ین

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اصولوں پرنہیں ، ذاتی مفادات کیلئے لڑ رہے ہیں :سراج الحق

لاہور : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی لڑائی اصولوں پر نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے چاروں طرف غربت ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا، عام آدمی کے لیے علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں، ساری تباہی اور بربادی کا ذمہ دار کون ہے؟ سرکاری اور غیر سرکاری منصوبوں کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا، ساری تباہی کی وجہ موجودہ اور سابق حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا ان تمام کی لڑائی اصولی اختلاف پر نہیں ہے، ان کی آپس میں ذاتی اور مفادات کی لڑائی ہے، پی ٹی آئی بھی یہی کہتی تھی کہ ہم نے پرانی حکومتوں کا گند صاف کرنا ہے، پی ڈی ایم کی حکومت بھی یہی کہتی ہے کہ ہم نے پرانی حکومت کا گند صاف کرنا ہے، جماعت اسلامی نے 75 سال اسلام اور پاکستان کے لیے کام کیا، پاکستان ترقی کرے گا تو ہم سب ترقی کریں گے، معاشی خوشحالی ہوگی تو سب خوشحال ہوں گے، اس وقت 95 فیصد عوام مظلوم ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے ایک ہی امید کی شمع ہے اور وہ ہے جماعت اسلامی، ہمارے پاس یکساں نظام تعلیم کا پروگرام ہے، ہمارے پاس نوجوانوں کے روزگار کے لیے پروگرام ہے، اس وقت طاقتور ملک وہ ہے جس کی معیشت اچھی ہے، جاپان ایک چھوٹا ملک ہے لیکن معاشی پاور زیادہ ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے پاس قرضوں کا پروگرام ہے، ہمارے پاس روشنی کا پروگرام ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قوم آزمائے ہوئے لوگوں پر مزید اعتماد نہ کرے، عام آدمی کا ووٹ ایک فیصلہ کن چیز ہے، اگر ملائیشیا ،جاپان آگے بڑھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں آگے بڑھ سکتے، امید ہے لوگ جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے، ہم آپ کو ایک روشن پاکستان دے سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پارٹیوں کو 100سال بھی موقع ملے تو پاکستان ایسے ہی چلے گا، پی ڈی ایم کا کوئی علاج نہیں ہے نہ ان کے پاس ملکی مسائل کا کوئی حل ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv