لاہور : (ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر راجن پور کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن 53 ویں روز میں داخل ہوگیا ، آپریشن میں پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس نے کچہ کا 24 ہزار ایکڑ سے زائد علاقہ کلیئر کرا کر ڈاکوؤں کی درجنوں پناہ گاہیں اور کمین گاہیں تباہ کر دی ہیں ، پولیس کے تازہ دم دستے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پرجوش ہیں ، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او راجن پور کی زیر نگرانی شاہد علی لنڈ کی کمین گاہیں اہم ٹارگٹ ہیں جو کہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کا گڑھ ہے۔
ڈی پی او روجھان کاکہنا ہے کہ شاہد علی لنڈ اور اسکے حواری اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور بین الاضلاعی پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب ہیں۔
ڈی پی او روجھان کا مزید کہنا ہے کہ شاہد علی لنڈ کی کمین گاہوں پر مختلف علاقوں سے دربدر ہونے والے پٹ ، عمرانی، دولانی اور لنڈ گینگ کے ڈاکو پناہ گزین ہیں، کچہ کپڑا کے کلئیر کرائے گئے علاقہ میں سرچ آپریشن اور پولیس کا اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی پی او راجن پور و روجھان کے مطابق کچہ جمال اور چک کپڑا میں نوگو ایریا کا تصور اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے ، دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے قانون کی رٹ قائم کریں گے۔