اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازلاحسن، جسٹس منیب اختر ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئر مین عمران خان اور دیگر کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواستوں پر نیا بینچ بنانے کی استدعا کی تھی۔
وفاقی حکومت کی درخواست میں بینچ کے 3 ممبران پر اعتراض کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر آڈیو لیکس کیس نہ سنیں اور تینوں معزز ججز 5 رکنی لارجر بنچ میں بیٹھنے سے انکار کر دیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 20 مئی کو ججز کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم افغان پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روک رکھا ہے۔