ریاض / ماسکو: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کے لیے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی تیل منڈی میں استحکام کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ’’اوپیک‘‘ کے ارکان کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم گفتگو میں تجارتی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور یکم فروری کو اوپیکس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار کی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنےکی سفارش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر پوتن اور سعودی ولی عہد نے عالمی منظر نامے کے تناظر میں اوپیکس اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر مشاورت کی اور ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا۔
دونوں رہنماؤں کی یہ گفتگو اس تناظر میں بھی اہمیت حاصل کرگئی کہ گزشتہ برس اوپیک نے تیل کی پیداوارکے اہداف میں کمی کی تھی جس پر امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
امریکا کو دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے رواں ماہ ہی جوبائیڈن انتظامیہ کو یاد دلایا کہ تیل کی موجودہ قیمتوں میں استحکام سے ثابت ہوگیا کہ سعودی عرب نے گزشتہ برس درست فیصلہ کیا تھا۔