تازہ تر ین

4 ماہ سے مذاکرات، منت سماجت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی، نور الحق قادری

وفاقی وزیر برائے مذہبی نور الحق قادری نے لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور پولیس کے مابین چھڑپوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق کہا ہے کہ گزشتہ 4 مہینے سے مذاکرات اور منت سماجت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی گئی، سانحہ یتیم خانہ چوک پر جتنا افسوس اپوزیشن اراکین اسمبلی کو ہے، اتنا ہی درد حکومتی بینچ پر موجود اراکین کو بھی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نور الحق قادری مذکورہ معاملے پر پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے مختصر انداز میں پالیسی بیان دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جمہوری حکومت سانحہ یتیم خانہ چوک کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران اس معاملے کو مذاکرات اور منت سماجت کے ذریعے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے معاملے کو بہتری کے ساتھ سلجھانے کے لیے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوششیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ہم نے مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا ہوا تھا اور وہ یہ تھا کہ معاہدے کی رو سے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے کے پابند ہیں’۔

نور الحق قادری نے کہا کہ ‘آپ آجائیں اور اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی کمیٹی نامزد کرے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہو’۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے سامنے وہ اپنا مؤقف پیش کریں اور وزارت خارجہ اور خارجی امور کے ماہرین اپنی رائے بھی دے دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم علمائے کرام کا اخترام کرتے ہیں لیکن خارجہ پالیسی کا تعین حکومت وقت اور پارلیمنٹ کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے انہیں کمیٹی کو قائل کرنے اور ڈرافٹ پیش کرنے کا کہا تھا’۔

نور الحق قادری نے کہا کہ ‘کمیٹی جو فیصلہ کرے گی حکومت کو من و عن قبول ہوگا’۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہمارے ان کے ساتھ معاملات یہاں تک پہنچے تھے کہ اس دوران ایک ویڈیو کے ذریعے 20 اپریل کی کال دے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس لیے حکومت کی ذمہ داری تھی کہ شاہراؤں کو کھلا رکھا جائے اور معمولات زندگی متاثر نہ ہو’۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی مذاکرات پر مبنی ہے، مفاہمت کے دو دور ہوچکے ہیں جبکہ آج (19 اپریل کو) تیسرا دور نماز تروایح کے بعد ہوگا۔

نور الحق قادری نے اُمید ظاہر کی کہ کوشش کریں گے کہ پارلیمنٹ اور عوام کی خواہش کے مطابق مذاکرات کے ذریعے معاملے کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ناموس رسالت ﷺ کو جتنا تحفظ وزیر اعظم عمران خان نے فراہم کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت عمران خان کے حصے میں لکھی ہے۔

ہم ناموس رسالت ﷺ میں لبیک سے پیچھے نہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر مذہبی امور سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےوزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺکے حوالے سے ہم کالعدم تحریک لبیک پیچھے نہیں ہیں، ساری اسمبلی عاشق رسول ﷺہے۔

انہوں نے کہا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، آج صبح 3 بجے اجلاس ختم ہوا جبکہ کچھ دیر بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوگا اور اچھی خبریں آئیں گی، بہتری کی خبریں ہوں گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری اسمبلی عاشق رسولﷺ ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان آج ساڑھے 4 یا 5 بجے پالیسی بیان دے رہے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ‘ میں یقین دلاتا ہوں ہم ناموس رسالت ﷺپر کسی صورت میں بھی کالعدم تحریک لبیک سے پیچھے نہیں ہیں لیکن پاکستان کی حفاظت کے لیے، اس پاکستان کے دفاع اور سالمیت کے لیے آج وزیراعظم ایک پالیسی بیان دیں گے’۔

وزیراعظم کو ایوان میں تقریر کرنی چاہیے تھے، راجا پرویز اشرف

شیخ رشید کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا اس وقت ملک میں جو کیفیت ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جمعے کے روز (16 اپریل کو ) جو اجلاس ہوا اس میں وزیر داخلہ عوامی نمائندوں کے سامنے پالیسی بیان دیتے، اس پر پھر اراکینِ اسمبلی اپنے خیالات کا اظہار کرتے۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ‘اس وقت مک میں حالت یہ ہے کہ میڈیا بالکل بلیک آؤٹ ہے اور سارا ملک افواہوں کی زد میں ہے کسی کو کچھ پتا نہیں کیا ہورہا ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘وزیر داخلہ نے جو بیان دیا ہے وہ آپ کے سامنے ہے، میں سمجھتا ہوں کہ وہ اس ایوان کی توہین کرکے چلے گئے ہیں’۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ‘وزیراعظم نے اگر آج ساڑھے 4 بجے تقریر کرنی تھی تو انہیں آج ایوان میں آکر تقریر کرنی چاہیے تھی، وہ اس ایوان کے ذمہ دار ہیں’۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ‘اس وقت حالت یہ ہے کہ حکومت کی نااہلی، نا تجربہ کاری اور ناکامی کی وجہ سے بھائی، بھائی سے لڑرہا ہے اور ہم ملک کو ایک ایسی سمت میں لے کر جارہے ہیں جو بہت خوفناک ہے’۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ‘کیا ان کی عقل میں یہ بات نہیں آرہی، یہ یہاں اپنی سیاست کی باتیں کررہے ہیں، وزیر داخلہ کہتے ہیں نورالحق قادری بیان دیں گے، کمال ہے یہ ہم سب کا ملک ہے’۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ‘ہم سب جو یہاں بیٹھے ہیں ہم سب غلامانِ رسولﷺ ہیں، رسول ﷺ کے عقیدت مند یہاں بیٹھے ہوئے ہیں، تو آپ (حکومت) کیا کررہے ہیں؟’۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میرا خیال ہے کہ آپ کو سمجھ نہیں آرہا کہ یہ کتنا حساس معاملہ ہے، اس وقت جو کچھ ملک میں ہورہا ہے، وزیر داخلہ کے گھر کے سامنے جو ہورہا ہے آپ پتا کروائیں، اس ملک میں یہ کیا ہونے جارہا ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ اگر ہم سب غلامانِ رسولﷺ ہیں، اگر حکومت اتنی بڑی دعویدار ہے، اگر آئے دن وزیر اور وزیراعظم ریاستِ مدینہ کی بات کرتے ہیں تو کیا ریاستِ مدینہ میں ایسے ہوتا ہے؟ کیا حکومت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے؟ کیا ان کا صبر ختم ہوگیا ہے’۔

لاہور میں پولیس کارروائی

خیال رہے کہ 18 اپریل کی صبح کو پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں نے لاہور کے یتیم خانہ چوک پر پُرتشدد مظاہرے کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کو ‘بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا’ اور ساتھ ہی 4 دیگر عہدیداروں کو بھی یرغمال بنا لیا۔

لاہور کے سی سی پی او کے ترجمان رانا عارف نے بتایا تھا کہ کالعم تنظیم کے مشتعل کارکنوں نے پولیس پر پیٹرول بم سے حملے بھی کیے تھے۔

یاد رہے کہ مذکورہ علاقے میں ٹی ایل پی کا احتجاج 12 اپریل سے جاری ہے۔

احتجاجی مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدیدجھڑپوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 15 پولیس اہلکاروں سمیت سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

بعدازاں پولیس کی جانب سے صبح میں شروع کیے گئے آپریشن کو روک دیا گیا تھا جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت جبکہ کراچی میں ریڈ الرٹ کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد گزشتہ شب لاہور میں پیش آنے والی صورتحال پر مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں تنظیمات اہلسنت کا ایک خصوصی اجلاس ہوا تھا اورایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج 19 اپریل کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کی حمایت جمیعت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی نے بھی کی تھی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv