تازہ تر ین

شاہ محمود کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

نائجر : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنما ؤں کی ملاقات نائجر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال، کورونا چیلنج، کثیرالجہتی دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پرسعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔
 ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔سعودی وزیرخارجہ فرحان بن فیصل نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔


HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv