(ویب ڈسک ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماو¿ں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی جب کہ اتحادیوں کے تحفظات پر حتمی لائحہ عمل طے کرنے، مہنگائی، گورننس اور صوبائی حکومتوں کے معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادیوں سے روابط مزید موثر و تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ وزیراعظم نے اتحادیوں کے لیے قائم کمیٹیوں کو فعال رابطوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔اجلاس میں سندھ کے نئے آئی جی کی تعیناتی پر بھی بات چیت کی گئی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جھوٹے کیسز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئیں تھی، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کر دی گئی اور معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے 2 صفحات پر مشتمل رپورٹ پر بریفنگ دی اور بتایا کہ سابق وزیراعظم کی رپورٹ جائزے کے لئے صوبائی حکومت کو بھجوائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی۔