اسلام آباد،نئی دہلی(نمائندگان خبریں) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی فوج سات سے 10دن میں پاکستانی فوج کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارتی کیڈٹس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت نوجوان سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور ہم نے سرجیکل اسٹرائیکس سے دہشتگردوں کو ان کے ٹھکانوں میں نشانہ بنایا۔ ا نہوں ے کہا کہ دو ایئر سٹرائیکس سے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی امن قائم ہوا۔انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان نے دہائیوں سے(مقبوضہ)جموں و کشمیر میں بھارت کیخلاف سازشی جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھارتی فوج نے متعدد بار اپنی حکومت سے بارڈر پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنے کی اجازت مانگی، لیکن نہیں دی گئی۔ بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ حکومت نوجوان سوچ کے ساتھ آگے بڑ ھ رہی ہے۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آزادی کے بعد سے ہی مسئلہ برقرار ہے، کچھ خاندانوں اور سیاسی جماعتوں نے خطے میں اس مسئلے کو زندہ رکھا، جس کے نتیجے میں وہاں دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے۔دفتر خارجہ نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ متشدد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی انتہا پسند بیانیہ سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کیلئے پاک افواج کو کمزور نہ سمجھا جائے، انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات ہی جے پی کی انتہا پسند سوچ کے عکاس ہیں، پاکستان انکے جنگ کو ہوا دینے والے بیان کو مسترد کرتا ہے، پاکستانی مسلح افواج اور عوام کے عزک کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، بالا کوٹ میں بھارتی ایڈوینچر کے دوران بھارتی طیاروں کو گرانا ہماری مسلح افواج کی تیاری کا ثبوت ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کا بیان بھارت کے پاکستان مخالف لاعلاج جنون کو ظاہر کرتا ہے، بی جے پی حکومت اندرونی اور بیرونی تنقید سے توجہ ہٹانے کیلئے بھونڈی کوششیں کررہی ہے۔