کارڈف (ویب ڈیسک) پاکستانی اوپنر فخر زمان انگلش ٹی 20 میں اپنی پہلی ففٹی بنانے میں کامیاب رہے۔ یہ کارنامہ انہوں نے کارڈف کے میدان میں گلیمورگن اور گلوسٹرشائر کے درمیان کھیلے گئے میچ میں انجام دیا۔ فخر زمان اپنی ٹیم کی جانب سے ایک ایسے وقت میں میدان میں اتارے گئے جب ان کی ٹیم کا سکور بہت کم تھا، انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 58 رنز سکور کئے اور اپنی ٹیم کی جانب سے حریف ٹیم کو 172 رنز کا تگڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کرنے میں کامیاب رہے۔فخر زمان کی شاندار اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بلے بازی کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان نے فیلڈنگ کے دوران بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور لانگ آف پر ایک زبردست کیچ بھی پکڑا۔ گلو سٹر شائر کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں متواتر وکٹیں گنواتی رہی تاہم اینڈریو ٹائی کے18گیندوں پر 38رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت گلوسٹر شائر نے یہ مقابلہ ٹائی کردیا۔