تازہ تر ین

ماڈل عدالتوں نے کام شروع کر دیا

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، صباح نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہاہے کہ اب ماڈل کورٹس میں روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہو گا۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے یہ ریمارکس ایک کیس کی سماعت کے دوران دیے۔ سپریم کورٹ میں قتل کے نامزد ملزم ظفر حسین کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ دفتروں کی الماریوں میں فوجداری مقدمات کی فائلیں ختم ہو جائیں گی۔ آج سے پورے ملک میں ماڈل کورٹس کام کر رہی ہیں۔ اب ماڈل کورٹس میں روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہو گا،۔ ایس پی انویسٹیگیشن خود پکڑ پکڑ کر گواہوں کو پیش کرے گا۔جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہم نے جھوٹے گواہان کو دفن کر دیا ہے ۔ پہلے کہا جاتا تھا عدالتیں ملزمان کر بری کرتی ہیں۔ اب جھوٹ بولنے والوں کو بھی سزا ہو گی،ہم نے انشا اللہ نظام عدل کو ٹھیک کرنا ہے۔ جو ایک جگہ جھوٹا وہ سب جگہ پہ جھوٹا ہے۔عدالت نے ملزم ظفر اقبال کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ ملزم ظفر اقبال پر مظفرگڑھ کے علاقے میں غلام قاسم کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو پھانسی کی سزا سنائی جسے ہائیکورٹ نے عمر قید میں تبدیل کردیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ استغاثہ کے دونوں عینی شاہدین کی گواہیوں کو تسلیم نہیں کیا جا سکتااستغاثہ مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ سائلین کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے ملک بھر کے میں ماڈل کورٹس نے کام کا آغاز کردیا،کورٹس میں قتل اور منشیات کے مقدمات کی سماعت ہو گی ، عدالتوں کی روزانہ مانیٹرنگ ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق سائلین کو فوری اور سستے انصاف کی جلد فراہمی کے لیے ملک بھر کے تمام 114 اضلاع میں ماڈل کورٹس نے کام کا آغاز کردیا،ماڈل کورٹس میں صرف قتل اور منشیات کے مقدمات کی سماعت ہوگی، پہلے مرحلے میں پرانے کیسوں سے آغاز ہوگا، ان عدالتوں کی روزانہ مانیٹرنگ ہوگی مانیٹرنگ کے لیے باقاعدہ سیل قائم کیا گیا جس کے سربراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد سہیل ناصر مقرر کیے گئے ، ان عدالتوں میں تمام گواہوں کو پیش کرنے کی ذمہ داری پولیس کے سپردکی گئی ، ان تمام عدالتوں میں آن لائن بیان ریکارڈ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، ان تمام عدالتوں میں بڑی سکرین، کمپیوٹر، انٹرنیٹ کی سہولتیں فراہم کر دی گئیں ، کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے ۔پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ، ان عدالتوں کی روزانہ کی کارروائی مانیٹر کی جائے گی، یہ عدالتیں قتل اور منشیات کے فیصلے دنوں میں کریں گی، ان عدالتوں میں کسی بھی صورت التوا نہیں دیا جائے گا، تمام ججز کو اضافی سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ، ان عدالتوں کی کارکردگی جانچنے اور سستے، فوری انصاف کی فراہمی پر13اپریل کو قومی جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں چاروں صوبوں کے چیف جسٹس، ماتحت عدلیہ کے تمام ججز بھی شریک ہوں گے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv