تازہ تر ین

بھارت کا کونہ کونہ ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام بھارت کے مقابلے میں بہت آگے ہے‘ بھارت کا کونہ کونہ ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہے۔ چینل ۵ کے پروگرام ”لائیو ایٹ 7 “ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام خطے میں درپیش تمام طرات کو پیش نظر رکھ کر تخلیق کیا گیا ہے۔ ہمارے تمام فائٹر طیارے اور میزائل بھارتی خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔ ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوکلیئر سائنس واشنگٹن پوسٹ اور ڈیفنس ویکلی کے تجزیے ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان اس وقت ایٹمی ٹیکنالوجی میں نیوکلیئر اقوام میں تیسرے یا چوتھے نمبر پر آ چکا ہے جبکہ بھارت کا نمبر 6 ہے۔ ہمارا میزائل سسٹم سولڈ فیول پر ہے جو بھارت کے لیکویڈ فیول کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تیز رفتار ہے۔ ہمارے میزائل میں ایک خاص حد کے بعد صرف وار ہیڈ آگے جاتا ہے‘ جو ریڈار پر دکھائی نہیں دیتا۔ یہ وار ہیڈ سیدھا نہیں بلکہ اوپر نیچے‘ دائیں بائیں اڑتا ہے اس لیے اسے کسی میزائل سسٹم سے نشانہ نہیں بنایا جا سکتا اور یہ اپنے ہدف کو خود ڈھونڈ کر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت کے صرف دعوے ہیں وہ کبھی بھی عمومی طور پر پاکستان سے جنگ نہیں کر سکتا۔ جنرل (ر) ضیاءالدین نے کہا کہ بھارت نے جس طرح پاکستان کی حدود میں مداخلت کی ہے یہ بذات خود ایکٹ آف وار ہے۔ بھارت کا دراندازی کا دعویٰ خود اس کے اپنے خلاف جاتا ہے۔ پاکستان کو فوری یو این سمیت تمام عالمی پلیٹ فارمز پر یہ بات اٹھانی چاہئے اس سے بھارت پر پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔ بھارت دراندازی کر رہا ہے اس لیے خاموش نہیں بیٹھ سکتے اسے بھرپور جواب دینا چاہئے۔ مودی نے الیکشن جیتنے کے لیے ایسا قدم اٹھایا ہے۔ ہمیں مکمل طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ دفاعی تجزیہ کار عبداللہ گل نے کہا کہ ہماری فضائیہ مکمل طور پر الرٹ ہے بھارت کے ہر حملے کا جواب دینے کی پوری اہلیت رکھتی ہے۔ قوم پاک فوج پر مکمل اعتماد رکھے۔ ہمارے پاس بھارت کو جواب دینے کے لیے بہت کچھ ہے۔ پاکستان جس انداز میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے‘ افغان امن عمل جاری ہے یہ بھارت کو ہضم نہیں ہو رہا وہ ہمیں روکنے کے لیے صرف الجھا رہا ہے۔ پاکستان دراندازی کے معاملے کو عالمی عدالت میں لے جا سکتا ہے کیونکہ ثابت ہو چکا ہے کہ مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ رات کے تین بجے خالی جگہ پر بم پھینکنا حملہ نہیں ڈرامہ ہے۔ بھارت میں ہمت ہے تو ڈرامے چھوڑ کر سرحد کی طرف سے آئے تو جواب بھی مل جائے گا۔ عالمی سطح پر دنیا کا ردعمل پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف آئے گا۔ چین بھی اپنا ردعمل دے گا وہ خطے کی بڑی طاقت ہے۔ فوجی مہم جوئی کی صورت میں سی پیک متاثر ہو سکتا ہے۔ پاک فوج قوم کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا کہ مودی سرکار کی حکمت عملی ہے کہ الیکشن سے پہلے پاکستان کے خلاف ایسی کارروائی کرے کہ دنیا اسے دہشتگرد سمجھے۔ بھارت ہر الیکشن سے پہلے اپنے ایسے ڈرامے کرتا ہے تاہم اس بار فرق یہ ہے کہ اندرونی و بیرونی طور پر کوئی بھی بھارت کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔ خود بھارت کے اندر سے پاکستان کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت کا بڑا حمایتی امریکہ ہے وہاں بھی آوازیں پاکستان کے حق میں آ رہی ہیں۔ پاکستان کی سول و ملٹری قیادت کی جانب سے متحدہ جواب کے بعد مودی کی ٹون بھی بدل گئی ہے۔ تمام ممالک جو سی پیک میں شراکت دار ہیں صرف امن چاہتے ہیں‘ بھارت اس وقت کوئی ایسا خطرہ مول نہیں لے سکتا کہ دنیا اس کے خلاف ہو جائے۔
نیوز ایٹ 7



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv