تازہ تر ین

قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر قائم 3 بڑے ، 9 چھوٹے ناجائز گھر مسمار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سی ڈی اے کے اشتراک سے قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر قائم غیرقانونی تجاوزات اور تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا۔ آپریشن کے پہلے روز سو کنال اوپن لینڈ واگزر کروا کر یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی۔ یہ آپریشن یونیورسٹی کو الاٹ شدہ زمین پر قابض ایسے لوگوں کے خلاف کیا جا رہا ہے جو ایک عرصہ سے اس اراضی کو استعمال میں لائے ہوئے ہیں اور اپنے اثر کے باعث ان تجاوزات کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں لانے میں رکاوٹ کا باعث رہے تاہم موجودہ حکومت کی بلاامتیاز پالیسی کے تحت بلاامتیاز و تفریق سرکاری اراضی پر قائم تمام قسم کی تجاوزات ، تعمیرات اور غیر قانونی قبضے ختم کروائے جا رہے ہیں۔ اس آپریشن میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، ڈائریکٹر انفورسمنٹ فہیم بادشاہ، سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے تمام افسران و عملے سمیت آئی سی ٹی کے متعلقہ افسران ،سی ڈی اے کے لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ، ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے متعلقہ افسران و ملازمین کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے کاﺅنٹر ٹیررزم فورس اور اینٹی رائٹ فورس تعینات تھی جبکہ رینجرز کو بھی کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نبٹنے کے لئے الرٹ رکھا گیا۔آپریشن کے دوران تجاوزات کو مسمار کرنے کے لئے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری کو بھی استعمال میں لایا گیا۔آپریشن کے پہلے دن تین عدد بڑے گھر ، 9چھوٹے گھروں سمیت 15غیر قانونی تعمیرات جن میں بیرونی دیواریں، کوارٹرز، لائبریری، مویشیوں کے چھپر، اور مہمان خانوں سمیت دیگر تعمیرات کو مسمار کرکے 80کنال بلٹ اپ پراپرٹی ایریا کو واگزار کروا لیا گیا۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے چیف کمشنر آئی سی ٹی اور سی ڈی اے سے درخواست کی تھی کہ یونیورسٹی کو الاٹ کردہ زمین غیر قانونی قا بضین سے وا گزار کروائی جائے۔ آئی سی ٹی اور سی ڈی اے نے سروے آف پاکستان کی مشترکہ ڈیمارکیشن رپورٹ کی روشنی میں یہ کارروائی عمل میں لائی۔ یہ آپریشن 9جنوری تک جاری رہے گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv