تازہ تر ین

معافی کی استدعا ۔۔۔ وکیل نے بھی ساتھ چھوڑدیا

اسلام آباد(اے این این ) سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی کی استدعا مسترد کر تے ہوئے انھیں ایک بار پھر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ عدالت نے نہال ہاشمی کا وکالت کا لائسنس بھی معطل کر دیا ہے اور کامران مرتضیٰ نے نہال ہاشمی کی وکالت سے بھی دستبرداری کا اعلان کیا ہے ۔بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے مسلم لیگ(ن)کے رہنما نہال ہاشمی کی توہین عدالت کیس میں سزا کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی، سپریم کورٹ نے توہین آمیز تقریر پر نہال ہاشمی کو عدالت طلب کیا تھا جس پر نہال ہاشمی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی وکالت کا لائسنس معطل کرتے ہوئے ایک بار پھر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے نہال ہاشمی سے استفسار کیا کہ آپ کو خود پر رحم نہیں آتا جو اس طرح کی زبان استعمال کرتے ہیں؟ توہین عدالت پر سزا مکمل کرنے کے بعد پھر متنازعہ بیان دینے پر آپ کو دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس کیوں نہ جاری کیا جائے؟ آپ نوٹس کا جواب تیار کیجیے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے حکم صادر کیا کہ ملزم نہال ہاشمی کو ان کے متنازعہ بیان کے ویڈیو اور تحریر کردہ مکمل بیان کی نقل فراہم کی جائے تاکہ وہ توہین عدالت پر اپنا جواب تیار کرسکیں۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ نہال ہاشمی نے رہائی کے بعد ججز کو گالیاں دیں، کیوں نہ ان کی سزا میں اضافہ کیا جائے۔دوران سماعت بھری عدالت میں نہال ہاشمی کے توہین آمیز بیان کی ویڈیو کو دو مرتبہ چلایا گیا جس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ میں عدالت کے سامنے شرمند ہوں، یہ میرے الفاظ نہیں، یہ جیل میں جو لوگ تھے ان کے الفاظ تھے۔نہال ہاشمی نے عدالت میں کہا کہ میں ایکٹنگ کررہا تھا، قسم کھاکر کہتا ہوں کہ عدالت کے بارے میں ایسا نہیں کہہ سکتا، ذہنی طور پر پریشان ہوں، بابارحتمے کون ہے مجھے نہیں پتا۔نہال ہاشمی نے لائنسنس منسوخ نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور وکالت ہی روزگار ہے ،عدالت نے معاف نہ کیا تو مر جاو¿ں گا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جن لوگوں کےلئے آپ عدلیہ کی تضحیک کر رہے ہیں وہ کوئی اور بندوبست کر دیں گے۔نہال ہاشمی کے موقف پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کی ویڈیو دوبارہ چلاتے ہیں تاکہ آپ کو یقین ہوجائے، آپ تقریریں کرتے ہیں آپ کو کوئی پریشانی نہیں۔اس دوران نہال ہاشمی کے وکیل نے ان کا مقدمہ لڑنے سے بھی انکار کردیا اور عدالت میں کہا کہ بار کے بطور وائس چیئرمین شرمند ہوں، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بطور چیف جسٹس میں بھی شرمندہ ہوں کہ کالے کوٹ والے بھائی کو نوٹس جاری کررہا ہوں۔نہال ہاشمی کے وکیل کی جانب سے وکالت سے انکار پر چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے لیے اچھا سا وکیل ڈھونڈ کرلائیں، سوچ لیں اس ادارے کو عزت دینی ہے یا اپنے دوست کو بچانا ہے۔اس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ میں تو عدلیہ کے لیے بھی جیل گیا ہوں، آئندہ کبھی ایسی باتیں نہیں کروں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ،آپ کا جیل والا بوجھ ہم کب تک اٹھاتے رہیں گے؟۔جسٹس اعجازالحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگوں نے یہ وطیرہ بنالیا ہے جب کہ جسٹس عمر عطا بندیال نے نہال ہاشمی سے مکالمہ کہا کہ کیا آپ ایکٹر ہیں جو ایکٹنگ کررہے تھے؟ آپ کے الفاظ توہین آمیز تھے۔نہال ہاشمی نے عدالت سے استدعا کی مجھے نوٹس جاری نہ کیا جائے، میں مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھتا ہوں، بجلی کا بل اور بچوں کی فیس نہیں دے سکوں گا، میری روزی روٹی اسی پیشے سے ہے، میرے بچے بھوکے مرجائیں گے، خاندان برباد ہوجائے گا، رحم کیا جائے، اللہ بھی ایک موقع دیتا ہے۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کو خود اپنے آپ پر رحم نہیں آتا، آپ نے بیان میں گالیاں دیں، کیا ہم بے غیرت ہیں؟ جس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ نہیں سر! ایسا نہیں ہے، میں اس وقت ذہنی دبا کا شکار تھا اور منتشر الخیالی کے باعث ایسی باتیں ہوگئیں جس پر میں شرمندہ ہوں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ کو کتنی شرمندگی ہو رہی ہے۔چیف جسٹس نے نہال ہاشمی کی استدعا پر کہا کہ آپ کو پہلے بھی موقع دے چکے، آپ کے الفاظ اتنے توہین آمیز ہیں کہ انہیں کوئی بھی برداشت نہیں کرے گا، وڈیو میں نعرے لگ رہے ہیں کرپٹ ججوں کی شامت آئی، اب مجھے یہ بتائیں کون بے غیرت ہے؟ ۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جب سے چیف جسٹس ہوا غصہ چھوڑ دیا تھا، آپ کو معاف نہیں کررہے، اس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ کسی کو دکھ میں دیکھ کر ہائپر ہوجاتاہوں، چیف جسٹس نے مکالمہ کیا آپ ہمیں دیکھ کر ہائپر ہوجاتے ہیں۔سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کے معاملے پر تمام بار کونسل کے چیئرمینوں کو بھی نوٹس جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ وضاحت کریں کہ نہال ہاشمی کو نوٹس ملنا چاہیے یا نہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر 12 مارچ تک ملتوی کردی۔عدالت نے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv