تازہ تر ین

امریکی امداد کی بندش ،پاکستان کا اہم اقدام۔۔۔وزیر دفاع نے بھی اعلان کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں ادارہ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں تقریب سے خطاب کے دوران خرم دستگیر نے کہا کہ ’امریکا کو تاحال فضائی اور زمینی راہداری سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ان کی بندش کا آپشن موزوں وقت پر استعمال کریں گے۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ کھربوں ڈالرز خرچ کرکے بھی امریکا افغانستان میں جنگ ہار رہا ہے، امریکی وزیر دفاع نے خود تسلیم کیا کہ امریکا، افغانستان میں کامیاب نہیں ہو پارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے، ہم نے ہزاروں قربانیاں دی اور دے رہے ہیں، پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا مگر قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ کھربوں ڈالرز اور لاکھوں فوجیوں کے باوجود بھی امریکا صرف 40 فیصد افغانستان پر کنٹرول کر سکا اور افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مدد کی بجائے اب الزام تراشیاں کر رہا ہے جبکہ پاک امریکا دوطرفہ مسائل سے افغان مسئلہ پس پردہ چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو زمینی و فضائی راہداری، فوجی اڈے دینا مشرف دور کا سیاہ باب ہے، اب پاکستان ہی امریکا کے لیے واحد راہداری باقی بچتی ہے جبکہ پاکستان کے پاس سلالہ سانحے کے بعد زمینی راہداری بند کرنے کی مثال موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی، توانائی و معاشی بحران کے اندھیرے سے نکل چکا جبکہ پاکستان کا دفاع انتہائی مستحکم اور مضبوط ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور چین پارٹنر اور اتحادی ہیں، جبکہ خطے میں ایران، چین اور روس کی اہمیت بھی اتنی ہے جتنی امریکا کی۔بھارت سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت سے مسائل کا حل چاہتا ہے، تاہم بھارت کا لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باو¿نڈری پر رویہ تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کا اعتراف اس وقت کیا گیا جب پاکستان سنجیدگی سے تنازعات کے حل کے لیے کوشاں تھا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv