تازہ تر ین

کیویز ٹور کیلئے فٹ کرکٹرز ہی بھجوانے کا فیصلہ

کراچی (نیوزایجنسیاں) دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ 22 سے 24 دسمبر تک ہوں گے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق تمام منتخب کردہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لئے جائیں گے اور مختصر سے کنڈیشننگ کیمپ کے بعد گرین شرٹس 27 دسمبر کو نیوزی لینڈ کیلئے پرواز کر جائیں گے۔ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر جنید خان بھی ان فٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی میں شریک بیٹسمین اظہرعلی فٹ ہو گئے ہیں جن کا کم بیک لازمی ہے تاہم معمولی انجریز میں مبتلا فہیم اشرف، رومان رئیس اور عماد وسیم کی فٹنس ٹیسٹ کے دوران خاص طور پر جانچی جائے گی۔ امام الحق کے پاﺅں میں فنگس کی بیماری لگ گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل فٹ ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔ فاسٹ بولر جنید خان کا پاﺅں بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے دوران زخمی ہوا تھا۔ وہ بھی فٹ نہیں اور جس کے باعث وہ قائداعظم ٹرافی کے سپرایٹ مرحلے میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکے۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز چھ دسمبر سے شروع ہوگی تاہم کنڈیشنز سے آگاہی کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کو سیریز کے آغاز سے دس روز قبل ہی نیوزی لینڈ بھیجا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اہم اور مشکل ترین دورے میں صرف سو فیصد فٹ کھلاڑیوں کو ہی منتخب کیا جائے گا اور ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی کیونکہ پہلے ان فٹ کھلاڑیوں کو بھی فٹنس کی امید پر بیرون ملک سیریز کیلئے بھیجا گیا اور پھر بعد میں تبدیلیاں کرنا پڑیں جس سے ٹیم کامبی نیشن متاثر ہوا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے دورے کیلئے حتمی ٹیم کا اعلان کیا جانا تھا تاہم ٹی ٹین لیگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی مصروفیت اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے لندن میں ہونے کے سبب تاخیر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پندرہ رکنی قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کا چیئرمین کی منظوری کے بعد اعلان کیا جانا باقی ہے۔ واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلے جائے گی اور مختصر فارمیٹ کی سیریز کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv