تازہ تر ین
CM Punjab

جتنا بڑا چیلنج اتنی محنت سے کام کر کے ازالہ کرینگے

لاہور (پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین پوری پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے اور ہم نے اس منصوبے کو قومی جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اور محنت سے کام کر کے کرنا ہے۔ جو ہوگیا سو ہو گیا، اب آگے کا سوچنا ہے اورمنصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہے۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوچکی ہے۔ جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ ہم نے عام آدمی کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب نئے جذبے، عزم اور محنت سے کام کرکے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے۔ جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہ بات آج پنجاب ہاﺅس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سول، الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کاموں کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو با وقار ، محفوظ اور پائےدار سفری سہولتیں ملیں گی-وزیراعلی نے ہدایت کی کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کیا جائے۔ منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ورکرز کو کام کے دوران ہیلمٹ پہنایا جائے اور حفاظتی اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کا تساہل برداشت نہیں کروں گااور عدالت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میںچین کے سفیر یاﺅ جنگ (Mr. Yao Jing)نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک چین معاشی تعلقات ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی -چین کے سفیر نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی اجازت ملنے پر وزیراعلی شہبازشریف کو مبارکباددی -چینی سفیر نے کہاکہ عدالت کی جانب سے میٹروٹرین منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے-چینی سفیر نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیاں اس ضمن میں متعلقہ کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی مربوط کوشش کریں گی-انہوں نے کہاکہ آپ نے اس منصوبے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاہے اوریہ منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہوگا -چینی سفیر نے وزیر اعلی پنجاب کی گڈ گورننس اور برق رفتار ی سے قومی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے جذبے کوسراہتے ہوئے کہا کہ آپ پنجا ب کی ترقی کاایک روشن ستارہ ہیں اورآپ نے مشکلات کے باوجود مقررہ وقت سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ لاکھوں شہریوں کو باعزت، عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سلسلے میں صوبہ پنجاب میں منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اوراس ضمن میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم قائدؒ کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی جائیں گی۔یوم قائدؒ کے سلسلے میں تقریبات صوبہ بھر میں 7 روز تک جاری رہیں گی۔ تعلیمی اداروں میں یوم قائدؒ کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے شہید ہونے والے 21 سالہ سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور 21 سالہ سپاہی بشارت کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت نے جواں عمری میں مادر وطن کے لئے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور پوری قوم کو شہید عبدالمعید اور شہید بشارت کی بہادری اور جرا¿ت پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ننکانہ صاحب کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv