تازہ تر ین

حکومت کا مذاکرات سے انکار ،درجنوں گرفتار

اسلام آبادم، راولپنڈی، گوجرخان، نارووال (خصوصی رپورٹ) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے فیض آباد میں جاری دھرنے کے دوران مرکزی شوریٰ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایک بار پھر 12نکاتی مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں علامہ خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، پیر اعجاز اشرف، علامہ ڈاکٹر شفیق آمینی ، سید عرفان شاہ المعروف نانگامست اور انجینئر حفیظ اللہ علوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفے تک دھرنا جاری رہے گا، حکومت ناموس رسالت کے حوالے سے قانون میں ترمیم کرنے والے سیاست دانوں کو عوام کے سامنے پیش کرے، ظفرالحق کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات سامنے لائی جائیں۔ خادم حسین رضوی نے کہا کہ ہمارے حوصلے جوان اور عزم غیر متزلزل ہے، حکومت جب تک مطالبات تسلیم نہیں کرتی واپس نہیں جائیں گے۔ دوسری جانب دھرنے کے ساتویں روز علمائے کرام کی جانب سے تقاریر کا سلسلہ جاری رہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قادیانیوں کو آئین و قانون کا پابند بنایا جائے۔ امتناع قادیانیت آرڈیننس 1984ءپر عمل کرا کر اسلام اور ملک دشمن سرگرمیوں کو کنٹرول کیا جائے، حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، نصابی کتب سے نکالے گئے اسلامی مواد کو دوبارہ شامل کیا جائے، گرفتار رہنماﺅں اور کارکنوں کو رہا اور فورتھ شیڈول میں شامل علماءپر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ ادھر فیض آباد انٹرچینج پر ایک ہفتے سے جاری دھرنے سے جڑواں شہروں کا کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا، انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ رکاوٹوں کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ میٹروبس سروس سمیت فیض آباد اور آئی ایٹ کے گردونواح میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جبکہ مری روڈ، ڈبل روڈ، پنڈورہ، کٹاریاں، خیابان سرسید سمیت راولپنڈی کو وفاقی دارالحکومت سے ملانے والے راستوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق بین الاصوبائی ٹریفک کا دباﺅ ایکسپریس وے اور کشمیر ہائی وے پر ہے جس کی وجہ سے مختلف مقامات سے سڑکوں کو بند کیا گیا ہے۔ مزید برآں گوجرخان، دینہ، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں دھرنے اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ نارووال میں وزیرداخلہ کے گھر کے باہر دھرنا دینے کے جرم میں گرفتار 34 افراد کو 16ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے نظربند کر دیا گیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv