ہالی ووڈ کی بااثر شخصیت ہاروی وائنسٹین کا سیکس سکینڈل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں اور خاص طور پر فلمی صنعت میں اس معاملے پر بحث جاری ہے۔ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے اداکار عرفان خان نے انڈسٹری میں جنسی زیادتیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں بھی کئی مرتبہ جنسی تعلقات کے بدلے میں کام کی آفر ملی تھی۔اپنی آنے والی فلم ‘قریب قریب سنگل’ کے پرومووشن کے موقع پر بات چیت کے دوران عرفان نے بتایا ‘مجھے کئی مرتبہ ایسی پیشکش یا اشارے دیے گئے کہ اگر میں ان کے ساتھ سوتا ہوں تو مجھے کام مل جائے گا۔ اور یہ آفرمجھے مردوں اور عورتوں دونوں کی جانب سے ملتی تھی،لیکن اب میرے ساتھ ایسا نہیں ہوتا۔‘عرفان خان کا شمار آج بالی ووڈ کے بڑے بڑے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہےعرفان کا کہنا ہے کہ ’لڑکیوں کے ساتھ ایسے واقعات زیادہ ہوتے ہیں۔ ہاں آپ کو نہ کہنے کا حق ہوتا ہے لیکن اگر کوئی شخص بار بار لوگوں کے ساتھ ایسا کرتا ہے تو اس کا پردہ فاش ہونا چاہئیے۔‘ عرفان کہتے ہیں کہ جنسی زیادتی کرنا دراصل ایک بیماری ہے جس کا علاج ضروری ہے۔بالی ووڈ کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ آج بالی ووڈ ناظرین ہالی ووڈ اور علاقائی فلموں کا رخ کر رہے ہیں اور بڑی بڑی فلمیں ناکام ہو رہی ہیں، شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ فلمساز موضوع کا انتخاب تو کر لیتے ہیں لیکن اسے سمجھنے میں نا کام ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ انصاف نہیں کر پاتے۔ہالی ووڈ کے بارے میں عرفان خان کا کہنا تھا کہ وہاں ایک سٹار اپنی خاص شبیہ میں بندھ کر نہیں رہتا اور نہ ہی اس کی تشہیر کرتا کیونکہ ان کے لیے کہانیاں اہم ہوتی ہیں اسی لیے وہ اپنی شبیہ کی پرواہ نہیں کرتے اور مختلف اور جرات مندانہ کردار نبھانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔