تازہ تر ین

چودھری نثار کی پریس کانفرنس بے معنی, ڈان لیکس کی اندرونی کہانی بارے اہم خبر

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر) معلوم ہوا ہے کہ چودھری نثار علی خان جب کوئی پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کرتے ہیں تو انہیں عین وقت پر منع کر دیا جاتا ہے اور دو انتہائی اہم عہدوں پر پیش کش کر دی جاتی ہے جس پر پریس کانفرنس تو کرتے ہیں مگر نہ نوازشریف کے بارے میں، نہ پارٹی میں اپنے مخالفین کے متعلق کچھ کہتے ہیں۔ اتوار کی شام بھی ان کی یہ پریس کانفرنس انتہائی بور اور بے معنی تھی کیونکہ اپنی وزارت کے کارنامے بیان کرنے کے سوا انہوں نے مزید کچھ نہیں کہا۔ توقع تھی کہ وہ سابق وفاقی وزیراطلاعات سنیٹر پرویز رشید کے بیانات کا جواب دیں گے مگر انہوں نے اس بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا، یہ بھی امید تھی کہ ڈان لیکس کی اندرونی کہانی بیان کریں مگر وہ اس سلسلے میں بھی کچھ نہ کہہ سکے اور صرف یہ مطالبہ کیا کہ ڈان لیکس کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے حالانکہ یہ بات وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک شام پہلے وہ ذہن بنا چکے تھے کہ پریس کانفرنس میں کیا کہنا ہے مگر ان کے بقول اپنی وزارت کی کارکردگی بیان کرنا زیادہ ضروری تھا۔ اسلام آباد کے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اپنی وزارت کی کارکردگی جتلانے کا مقصد عسکری حلقوں کو یقین دلانا تھا کہ وہ بہت محب وطن اور اچھے منتظم ہیں۔ دریں اثنا یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جس طرح گزشتہ پریس کانفرنس سے پہلے شہبازشریف نے ان سے ملاقات کی تھی اس طرح موجودہ پریس کانفرنس سے ایک روز پہلے یعنی ہفتے کے روز وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پھر ان سے تفصیلی گفتگو کی تھی جس کے نتیجے میں انہوں نے کوئی انکشاف کرنا تو درکنار سابق وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کے الزامات کا جواب تک نہیں دیا۔ کہا جاتا ہے کہ شہبازشریف کی طرف سے انہیں دونوں بار یقین دلایا گیا تھا کہ جب شہبازشریف پنجاب کی وزارت اعلیٰ چھوڑ کر اور اسلام آباد جا کر وزیراعظم بنیں گے تو انہیں (چودھری نثار کو) کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔ بشرطیکہ وہ نوازشریف کے بارے میں کوئی مخالفانہ لائن نہ لیں اور نہ کسی دوسرے وزیر کے بارے میں نکتہ چینی کریں۔ چودھری نثار کے حلقے کے خاص معتبر لوگوں نے یہ کہا ہے کہ ان کے گردوپیش زمینوں پر قبضے کے بہت سے واقعات ہیں جن کے سبب چودھری صاحب کی اقتدار سے دوری یا کم از کم حکمران جماعت سے علیحدگی ممکن نہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ چودھری نثار علی نے اگر اس قسم کی بے جان پریس کانفرنس کرنی ہیں تو بہتر ہو گا کہ اپنا اور میڈیا والوں کا وقت ضائع نہ کریں کیونکہ ان کی پریس کانفرنس میں موجود بعض میڈیا والوں نے یہ کہا کہ شیر آیا شیر آیا دوڑنا کہانی کے پیش نظر نوبت یہاں آ گئی ہے کہ اگر چودھری نثار نے اہم پریس کانفرنس کا اعلان کیا تو میڈیا سے منسلک لوگ یہ سوچ کر کوئی دلچسپی نہیں لیں گے کہ چودھری نثار نے پھر خاموشی اختیار کرنی ہے اور اپنا اور میڈیا والوں کا ایک بار پھر وقت ضائع کرنا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv