تازہ تر ین

پیپلزورکس پروگرام میں میگا کرپشن ، ذمہ داروں بارے خاص خبر

اسلام آباد (اے پی پی) پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے پیپلز ورکس پروگرام کے تحت منصوبوں کی غلط پیمائش اور کام مکمل ہونے سے قبل ادائیگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت ہاﺅسنگ کو ہدایت کی ہے کہ ” تھرڈ پارٹی” کے ذریعے اس کی چھان بین مکمل کرکے پی اے سی کو رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس منگل کو پی اے سی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان شیخ روحیل، ارشد خان لغاری، جنید انوار چوہدری، محمود خان اچکزئی، راجہ جاوید اخلاص، سردار عاشق گوپانگ، سید نوید قمر، شاہدہ اختر علی، ڈاکٹر عارف علوی، سینیٹر اعظم سواتی، میاں عبدالمنان ، پرویز ملک، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، سینیٹر تنویر خان، ڈاکٹر درشن کے علاوہ متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے ٹھلیاں ہاﺅسنگ سکیم کے حوالے سے بریفنگ دینا تھی مگر کمیٹی کے رکن سردار عاشق گوپانگ نے کہاکہ ان کی سربراہی میں ایک ذیلی قائمہ کمیٹی کو پہلے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے دیا جائے۔ پی اے سی کے چیئرمین خورشید شاہ نے ان کی اس تجویز سے اتفاق کیا اور کہاکہ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ۔پہلی ذیلی کمیٹی اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لے، اس کے بعد مرکزی پی اے سی وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کے 2013-14ءکے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران آڈٹ حکام نے پی اے سی کو بتایاکہ ضلع چکوال میں شاہراہ کی تعمیر کی بولی میں ٹمپرنگ سے سرکاری خزانے کو 5کروڑ 95لاکھ کا نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ شاہ رخ ارباب نے بتایا کہ اس میں ملوث افراد ریٹائر ہوگئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی گئی کہ ملوث افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں۔ پی اے سی کے چیئرمین نے ہدایت کی کہ ایکسیئن شاہ جہاں اور اکاﺅنٹس آفیسر شکیل کی پنشن روک دی جائے اور تحقیقات مکمل کی جائیں۔ آڈٹ حکام نے پی اے سی کو بتایا کہ ملتان، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سکھر، نوشہرہ، پشاور اور لاہور ڈویژنوں میں مختلف سکیموں کی غلط پیمائش سے خزانے کو 32 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ ادائیگی کے لئے مقررہ 90 سے 180 دنوں کی بجائے 3 سے 30 دنوں میں ادائیگی کی گئی۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے بتایا گیا کہ یہ بات درست ہے کہ کام کی پیمائش پہلے کی گئی اور کام بعد میں مکمل ہوا۔ ہم نے واقع کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تین دنوں میں ادائیگی مجرمانہ فعل ہے۔ میاں عبدالمنان نے کہا کہ پی اے سی ذیلی کمیٹی بنا کر ان منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لے۔ سردار عاشق حسین گوپانگ نے کہا کہ جو لوگ اس میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ شاہ رخ ارباب نے پی اے سی کے استفسار پر بتایا کہ اگر ہم سے تحقیقات کی اجازت طلب کی گئی تو ہم اس کی اجازت دے دیں گے۔ شاہدہ اختر علی نے کہا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کے متعلقہ احکامات پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری نے کہا کہ وزارت کی طرف سے چارج شیٹ جاری کی گئی ہے اور تحقیقاتی کارروائی شروع ہے۔ راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ پیپلز ورکس پروگرام کی سکیموں میں 5سے 7 ارب روپے کی خورد برد کی گئی ہے۔ ہمارے علاقوں میں کام بند پڑے ہیں جبکہ ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔ کوئی ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ وہ کام مکمل ہوسکیں۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ شاہ رخ ارباب نے کہا کہ ہم اس کی چھان بین کرکے ایکشن لے رہے ہیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ تیسرے فریق سے ان معاملات کی چھان بین کرا کے ہمیں رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال گزر گئے ہیں مگر تاحال تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ اتنے بڑے نقصانات پر پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند ہونا چاہیے۔ جن لوگوں نے فراڈ کئے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ پی اے سی نے ہدایت کی تھرڈ پارٹی تحقیقات کرا کے رپورٹ پیش کی جائے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv