تازہ تر ین

کابل کے سفارتی علاقے میں دھماکے پاکستانی عملہ بھی دھماکے کی زد میں آگیا 80ہلاک،350سے زائد زخمی

کابل(ویب ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارت خانوں کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 80 ہوگئی ہے جبکہ 350 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موجود ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ ایک کار بم دھماکا تھا جو کابل کے علاقے وزیر اکبر خان کے نزدیک اس مقام پر ہوا جہاں متعدد غیر ملکی سفارت خانے موجود ہیں جبکہ کابل صدارتی محل بھی قریب ہی واقع ہے۔کابل میں جرمن سفارت خانے کے قریب آج صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بجکر 20 منٹ پر ہونے والے اس بم دھماکے میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ مختلف خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق دھماکا بہت ہی شدید تھا جس کی آواز بہت دور تک سنی گئی جبکہ سفارت خانوں سے لے کر اس جگہ سے سیکڑوں میٹر فاصلے پر مکانات تک کے شیشے ٹوٹ گئے۔افغان پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اس بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں دھماکے والے مقام پر دھویں کے سیاہ بادل دکھائی دے رہے ہیں۔افغان سیکیورٹی حکام نے اس بم دھماکے میں اب تک اب تک 80 ہلاکتوں اور 350 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے اور مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ فی الحال کسی دہشت گرد گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔اس واقعے کو اس سال افغانستان میں ہونے والی سب سے بڑی دہشت گردی کی کارروائی بھی قرار دیا جارہا ہے اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں ا?نے والے گھنٹوں کے دوران مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ اب بھی کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اسلام آباد، ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ بھی زخمی ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں افغانستان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایسے حملوں سے ہونے والے دکھ اور تکلیف کو سمجھتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا اور دھماکے میں سفارتخانے کے کچھ ارکان معمولی زخمی بھی ہوئے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv