تازہ تر ین

ملک بھر میں گردوں کے ہزاروں آپریشن, انکشافات نے کھلبلی مچادی

لاہور (خصوصی رپورٹ) ملک بھر میں غیرقانونی طریقے سے گردوںکی پیوندکاری کے 7ہزار مراکز ہیں۔ پنجاب پہلے‘ سندھ دوسرے‘ خیبر پختونخوا تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر‘ شہروں میں کراچی پہلے‘ ملتان دوسرے‘ لاہور تیسرے‘ اسلام آباد اور راولپنڈی چوتھے نمبر پر ہیں۔ گردہ پیوندکاری کرنےوالے غیرقانونی ہسپتال تو پاکستان کے اندر قائم ہیں جبکہ ان کو چلانے اور ان میں مریض لانے کیلئے قطر‘ عمان‘ سعودی عرب‘ کینیڈا‘ امریکہ‘ لندن‘ ساﺅتھ افریقہ‘ دبئی اور متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں باقاعدہ اس مافیا نے اپنے دفاتر بنا رکھے ہیں جہاں سے ڈیل کے تحت گردہ تبدیل کروانے والے افراد کے معاملات طے کر کے انہیں پاکستان لایا جاتا ہے۔ یہاں رہائش سے لے کر علاج معالجے تک کی قیمت فارن کرنسی میں وصول کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے بننے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی معروف ہسپتالوں میں بھی اس کیلئے باقاعدہ ڈیل کی جاتی ہے اور وہاں آئے ہوئے مریضوں کو خفیہ ہسپتالوں میں شفٹ کیا جاتا ہے۔ اس کیلئے کچھ سرکاری ڈاکٹر باقاعدہ فیس بھی وصول کرتے ہیں۔ پوش علاقوں میں کوٹھیوں کے اندر باقاعدہ نجی ہسپتال بنائے گئے ہیں جہاں صرف گردوں کو تبدیل کرنے کا کام کیا جاتا ہے اور ہسپتالوں کے ساتھ بنے گھروں کو کرائے پر لے کر گیسٹ ہاﺅسز میں تبدیل کیا جاتا ہے جہاں دوسرے ملکوں سے آئے مریضوں اور ان کے لواحقین کو رہائش دی جاتی ہے۔ کئی سرکاری ہسپتالوں کے معروف ترین ڈاکٹر باقاعدہ آپریشن کرتے ہیں اور ان ہسپتالوں کو یہی چلا رہے ہیں‘ فرنٹ پر کوئی اور ہوتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور شہر کے اندر سینکڑوں ایسے ہسپتال موجود ہیں جو اب بھی یہ کام کر رہے ہیں اور باقاعدہ ان لوگوں نے کمیشن پر ایسے لوگوں کو بھی رکھا ہوا ہے جو پسماندہ علاقوں میں جا کر غریب محنت کش افراد کو ایک لاکھ سے 3لاکھ روپے دے کر گردے خریدتے ہیں اور غیرملکیوں سے 60لاکھ سے لے کر ایک کروڑ روپے تک وصول کیا جاتا ہے۔ لاہور کے ایک معروف بڑے ہسپتالوں کے حوالے سے بھی رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ وہاں یہ کام غیرقانونی طریقے سے جاری ہے۔ لاہور میں ڈیفنس‘ جوہر ٹاﺅن‘ ایونیو سوسائٹی‘ بحریہ ٹاﺅن‘ کینال ویو‘ پاک عرب‘ نشتر ٹاﺅن‘ اقبال ٹاﺅن کے علاقوں میں کوٹھیوں میں ایسے پرائیویٹ کلینک بنے ہوئے ہیں جبکہ ایک اہم شخصیت کے بھائی کے دو ہسپتالوں کا بھی رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے جو محکمہ صحت میں خود بھی ایک اہم عہدے پر فائز ہے۔ رپورٹ میں کراچی کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ سب سے زیادہ یہ کام کراچی میں ہو رہا ہے۔ ڈیفنس کے سیکٹر 8کراچی میں 12ایسے ہسپتالوں کے بارے میں لکھا گیا ہے۔ اسلام آباد کے اندر بھی تقریباً ہر سیکٹر کے اندر ایسے ہسپتال بنے ہوئے ہیں۔ کئی سفارتخانوں کا عملہ بھی ان کاموں میں ملوث ہے جو باقاعدہ اپنا حصہ وصول کرتے ہیں۔ جن ممالک سے زیادہ لوگ پاکستان آتے ہیں وہاں پیوندکاری کے باقاعدہ سخت قوانین ہیں اور کئی کئی سال انتظار کرنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے یہ لوگ پاکستان اور بھارت کا رخ کرتے ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv