تازہ تر ین
kalbhoshan

بھارتی جاسوس کلبھوشن کو سزائے موت, آرمی چیف نے توثیق کردی

راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن سدھیر یادیو کو پاکستان کیخلاف جاسوسی اور تخریب کاری کے الزامات ثابت ہونے پر سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمے میں تمام الزامات ثابت ہونے پر بھارتی جاسوس کو موت کی سزا سنائی تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ نیول آفیسر 41558Z کمانڈر کلبھوشن سدھیر یادیو عرف حسین مبارک پاٹیل کو تین مارچ 2016ءکو ماشکیل بلوچستان سے کاﺅنٹر انٹلیجنس آپریشن کے دوران پاکستان کیخلاف جاسوسی اور تخریب کاری کی سرگرمیوں پر گرفتار کیا گیا۔ بھارتی جاسوس کیخلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم)کی کارروائی میں موت کی سزا سنائی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ را کے ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن سدھیر یادیو کیخلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی طرف سے پاکستان آرمی ایکٹ 1952ءکی دفعہ 59 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923ءکی دفعہ 3 کے تحت مقدمہ چلایا گیا ، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے کلبھوشن سدھیر یادیو کو تمام الزامات کا مرتکب قرار دیا ۔ بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف کیا کہ اسے را کی جانب سے پاکستان کیخلاف سازش اور تخریب کارانہ سرگرمیوں کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاکہ بلوچستان اور کراچی میں امن کی بحالی کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کوششوں کو روک کر پاکستان کو غیر مستحکم کیا جائے اور اس کیخلاف جنگ مسلط کی جائے۔ بھارتی جاسوس کو قانونی تقاضوں کے مطابق دفاع کیلئے آفیسر فراہم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ کل بھوشن یادیو نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام اور دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے بھارت کی جانب سے تعینات کئے گئے ،کل بھوشن یادیو بھارتی نیوی رینک نمبر1558 کا حاضر سروس افسر ہے جسے تین مارچ 2016 میں حساس اداروں نے بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔”را“ایجنٹ کی گرفتاری کے چند روز بعد اس کی ویڈیو بھی سامنے لائی گئی تھی، جس میں کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا تھا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی ”را“میں شامل کیا گیا اور وہ اس وقت بھی ہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv