تازہ تر ین

وزیراعظم کا پاکستانی عوام کیلئے بڑا تحفہ, احکامات جاری

اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کم سے کم ممکنہ وقت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے اس مقصد کے حصول کےلئے گزشتہ تین برسوں میں تیزی سے کام کیا ہے اور مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام بنیادی کام مکمل کیا جا چکا ہے، ہم لوڈشیڈنگ فری پاکستان کےلئے درست سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو رواں موسم میں درجہ حرارت میں جلد اضافہ اور ذخائر میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ کے بارے میں آگاہ کیا، اجلاس کو بجلی کی طلب اور رسد کے بارے میں بتایا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 2017ءکے آخر تک 5710میگا واٹ بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی۔ اجلاس میں گردشی قرضے، وصولیوں اور لائن خسارہ جات کے مسائل بھی زیربحث آئے۔ سیکرٹری پٹرولیم و قدرتی وسائل نے اجلاس کو بجلی کے شعبے کو ایندھن اور گیس کی دستیابی اور گھریلو ، صنعتی اور تجارتی صارفین کو نئے گیس کنکشنوں کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 8ہزار میگاواٹ سے زائد کی نئی پیداوار جون 2018ءسے قبل نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کے ساتھ ہم لوڈشیڈنگ فری پاکستان کےلئے صحیح سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف ملک میں توانائی کی موجودہ قلت کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے بلکہ توانائی کی آئندہ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے بھی پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کام کے معیار اور استعداد پر سمجھوتہ کیے بغیر بجلی کے منصوبہ جات کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے صارفین کی سہولت کےلئے مختلف سرکاری اداروں کے مابین رابطہ بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کےلئے مقررہ مدت کے حوالے سے کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کےلئے ری گیسیفائیڈ لیکیوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) پر مبنی نئے گیس کنکشنوں کی بھی منظوری دی۔ توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارش توثیق کےلئے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیرپانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا دستور بلاامتیاز تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے، یوم دستور منانے کی روایت سے آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کے جذبہ کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یوم دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے یوم دستور کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان تمام شہریوں اور رہنماﺅں کی کاوشوں اور کردار کو اجاگر کرتا ہے جنہوں نے قومی اتفاق رائے کے ذریعے دستور سازی کے لئے انتھک محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ان تمام پاکستانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کے لئے وقف ہے جنہوں نے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لئے قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کو سمجھنا چاہئے کہ ملک کا اعلیٰ قانون اثباتی، ہمہ جہت اور شراکتی ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں، میرے لئے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان کا آئین بلا امتیاز تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے اور اس کی بدولت ایک مضبوط اور متحد وفاق کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بحیثیت پاکستانی شہری اس بات کو یقینی بنانا ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے آئین کی جمہوری، پارلیمانی اور وفاقی نوعیت کو مسخ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم دستور منانے کی روایت نہ صرف آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے ہمارے جذبہ کو تقویت دے گی بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کو جمہوریت اور جمہوری طرز حکمرانی کی اہمیت سے روشناس کرنے کا باعث بھی بنے گی۔ وزیراعظم نے آئین کے مطابق پاکستانی عوام کے حقوق و فرائض کے عزم کا از سر نو اعادہ کرنے کی کوششوں پر سینیٹ آف پاکستان کو بھی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاک فضائیہ کی مزید ترقی کے لئے تمام ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے وزیراعظم کو پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ اور عملی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے قومی دفاع میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، ان کی حکومت پاک فضائیہ کی مزید ترقی کے لئے تمام تر ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv