اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب کرپشن کی گئی ہو تب ہی استثنٰیٰ اور دائرہ کار چیلنج کیا جاتاہے ۔پارٹی فنڈنگ میں کرپشن پر عمران خان پوری قوم کو جواب دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز فنڈنگ کیس میں عمران خان کے وکیل کی طرف سے الیکشن کمیشن کو چیلنج کرنے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں کیا ۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پونے 2سال سے کیس الیکشن کمیشن میں ہے اور اتنے عرصے بعد آج الیکشن کمیشن کو چیلنج کرنے کا مطلب ہے عمران خان نے چوری کی ہے تبھی وہ تلاشی نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا ہے عمران خان پارٹی فنڈنگ میں کرپشن پر پوری قوم کو جواب دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے مستحکم ہورہے ہیں کسی کی خواہش پر فیصلہ نہیں دیا جاسکتا اور ادارے کی تضحک کرنے سے کسی کا چہرہ صاف نہیں ہوگا۔ زکواة اور خیرات کو زمینوں کے کاروبار میں استعمال کرنے کاحساب دینا ہوگا۔خان صاحب سینہ زوری سے چوری نہیں چھپاسکتے ۔