تازہ تر ین

گستاخانہ مواد کیس, بڑی رپورٹ منظر عام پر آگئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) گستاخانہ مواد کیس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے ہائیکورٹ کو بتایا کہ فیس بک سے 85فیصد مواد ہٹا دیا گیا ہے اور صرف 15فیصد مواد باقی رہ گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیس بک پر گستاخانہ مواد کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں ہوئی۔ سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کرنے والے 3ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ معاملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے 27مسلم ممالک کے سفیروں کے سامنے معاملہ رکھا جس میں تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فیس بک پر گستاخانہ مواد کی تشہیر سے مسلمانوں کو ٹھیس پہنچی۔ فیس بک سے 85فیصد گستاخانہ مواد ہٹا دیا گیا ہے اور جو 15فیصد باقی رہ گیا ہے اسے بھی جلد ختم کر دیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اسلامی ممالک کے سفراءکا اجلاس بلانا خوش آئند ہے لیکن جس ملک میں یہ کام ہوا اس کے سفیر کو بلانے کی کسی میں ہمت نہیں۔ وزارت اطلاعات نے بہت اچھا کام کیا لیکن آئی ٹی والے دو نمبری کر رہے ہیں‘ کدھر گئے آئی ٹی ایکسپرٹ‘ احسن اقبال اور مذہبی امور کے وزیر؟ پوری حکومت نے ہر کام چودھری نثار پر چھوڑ رکھا ہے‘ انوشہ رحمان آئیں اور بتائیں یہ معاملہ کیوں حل نہیں ہوا۔ آئی ٹی حکام نے کہا کہ ہمارا بھی اس کام سے دل دکھا ہے جبکہ سیکرٹری داخلہ نے جواب دیا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے معاملہ اٹھایا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ 40پیجز کے خلاف ایکشن لیا ہے جبکہ 25لوگوں کی ٹیم ایسے مواد کو سرچ کر رہی ہے۔ فیس بک پر غیرقانونی گستاخانہ مواد ہٹادیا گیا ہے۔ فیس بک گستاخانہ مواد کو مانتی ہی نہیں تھی مگر اب وہ ہٹا رہے ہیں۔ فیس بک انتظامیہ کا ہماری بات ماننا ہی بڑی کامیابی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ وہ ادارہ بھی کام کر رہا ہے جس پر خوامخواہ سب اعتراض کرتے ہیں‘ آپ نے لالٹین کا دباﺅ لینا ہے نہ موم بتی کا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ القاعدہ کا ملزم ہو تو وہ واشنگٹن سے آپریٹ کر کے مار دیتے ہیں‘ اگر پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر جنگ شروع کر دیں تو اس وقت کیا کریں گے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ تمام ادارے اپنا کام کر رہے ہیں‘ عدالت کارروائی سے مطمئن ہے‘ تفتیش میں مداخلت نہیں کریں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 31مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv