لاہور (خصوصی رپورٹ) حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں نئے داخلوں کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی اپنا لی گئی ہے۔ اس تناظر میں داخل ہونے والے طالب علم کا مکمل ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر حکومت کو ارسال کیا جائے ا جس میں اس کے والدین کا پیشہ فون نمبرز‘ گھر اور آفس کا ایڈریس اور قریبی محلہ دار کا ایڈریس اور فون نمبرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری سکولوں میں نئے داخلوں کو بوگس انٹریوں سے محفوظ بنانے اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سرکاری سکولوں میں سکول کی حدود کا تعین کرتے ہوئے متعلقہ اساتذہ اور افسران اپنے سکولوں میں نئے داخل تمام بچوں کا مکمل ڈیٹا حکومت کو روزانہ کی بنیاد پر فراہم کریں گے جس میں طالب علم کا رہائشی پتہ‘ والدین کا پیشتہ‘ ان کے دفاتر کے ایڈریس اور قریبی محلہ دار کے ایڈریس اور نمبرز شامل کئے گئے ہیں جن سے تصدیق کی جائے گی کہ ان کا بچہ کون سے سرکاری سکول میں داخل ہوا۔