اسلام آباد(ویب ڈیسک) ہائی کورٹ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کر دیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کردیا ہے، اسحاق ڈار کی جانب سے دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا حکم نامہ معطل اور احتساب عدالت میں مقدمے کی سماعت رکوانے کی درخواست کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے اسحاق ڈار کی ایک درخواست پر اعتراض جب کہ دوسری کو سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے، درخواست کی ابتدائی سماعت منگل کو جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ کرے گا ۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردیا۔