تازہ تر ین

بدترین سیاسی انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں: حمزہ شہباز

ملتان(خبر نگار)مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہو گیا،پنڈورا پیپرز کی غیرجانبدارتحقیقات ہونی چاہئیں،کسی ادارے سے لڑائی نہیں، اب یہ کھیل تماشا بند ہونا چاہیے، تمام تر انتقام کے باوجود آئیں سب جماعتیں بیٹھیں روڈ میپ بنائیں، ہمارے بچوں نے یہیں رہنا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ بد ترین انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں، لڑائی غربت اور بےروزگاری سے لڑنی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک کی سمت کا تعین کرنا چاہیے۔حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لوگ میری شکل دیکھ کر محبت نہیں کرتے، کام دیکھ کر کرتے ہیں، پرانے پاکستان میں موٹر ویز بنتی تھیں، چیزیں سستی تھیں۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا، پاناما لیکس آئی تو عمران خان کہہ رہے تھے وزیراعظم استعفی دیں، عمران خان صاحب آج آپ کی کابینہ کے افراد کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں، پنڈورا پیپرز کے معاملے پر صاف شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، جن کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں انہیں مستعفی ہونا چاہئے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کا فرض ہوتا ہے قومی مسئلے پر سب کو ایک ساتھ بٹھائیں، عمران خان 4 سالوں میں اپوزیشن کو ساتھ نہیں بٹھا سکے کیونکہ ان کی انا بڑی ہے، ہم جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو ملا کر صوبہ بنائیں گے، ہم بہاولپور صوبے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔ ن لیگ کے نائب صدر نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں، خان صاحب اب ون مین شو نہیں چلے گا، آپ جنوبی پنجاب کی احساس محرومیوں کو ختم نہیں کرسکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی عدالت نے کہا شہباز شریف کےخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں ۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہترین سڑکیں تعمیر کرائیں، جنوبی پنجاب میں کڈنی سینٹر، ہسپتال اور کارڈیالوجی یونٹس بنائے، جنوبی پنجاب کا کوئی پرسان حال نہیں، 100 دن میں جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ لگایا تھا وہ کہاں گیا ؟ جنوبی پنجاب کے عوام کو سیکرٹریٹ کا جھانسہ دیا گیا، صوبہ سیکرٹریٹ سے نہیں بلکہ ترمیم سے بنتا ہے، عمران خان جنوبی پنجاب کی محرومیوں کوختم نہ کرسکے، کاش عمران خان انتقام کے بجائے کام پر توجہ دیتے۔ شہباز شریف کی میثاق معیشت کی بات کا مذاق اڑایا گیا، آئیں سب جماعتیں مل کر ملک کا سوچیں، دشمن باہر بیٹھ کر سازشیں کر رہا ہے، کھیل تماشا بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 2 سال جیل میں رکھا گیا، منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے، مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا، مسلم لیگ( ن) نے بدترین سیاسی انتقام کا سامنا کیا۔انہوںنے کہا کہ 2018ئ میں 52 روپے والی چینی آج 110 روپے فی کلو ہوگئی، کیا یوریا کھاد کی بوری کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوا ؟ 3 سال میں ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ ہوا، کہاں گئے وہ 200 ارب ڈالر جو بیرون ملک سے آنے تھے، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر جو غریبوں کو دینے تھے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv