لاہور (خبر نگار خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن انشا اللہ دوبارہ اقتدار میں آئیگی اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریگی جہاں سے چھوڑا تھا، لوگوں کو نہ صرف روز گار دیں گے بلکہ مہنگائی کو بھی کنٹرول کریں گے، نالائق حکمرانوں کے ٹولے نے عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے، عمران نیازی کہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کو ترجیح دوں گا۔
وزیراعظم نے تو خودکشی نہیں کی لیکن اس کی کمزور معاشی پالیسیوں اور نالائقیوں کی وجہ سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ حمزہ شہباز کا خانیوال خاص طور پر ملتان پہنچنے پر بھرپور اور پرتپاک ا ستقبال کیا گیا۔ ان کی گاڑی روک کر پھول نچھاور کئے گئے اور نعرے بازی کی، دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیرآیا، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے بھی نعرے لگائے گئے تاحد نظر لوگوں جم غفیر تھا۔ گذشتہ روز جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران خانیوال میں مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے میاں حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ مہنگائی کے ہفتہ وار بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ ایک طرف ڈالر کا بے قابو جن ہے تو دوسری طرف ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے، ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا۔ ایک طرف اندھی حکومت اندھا دھند مہنگائی کر رہی ہے اوردوسری طرف پھر کہتی ہے کہ عوام خوشحال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے اور اب مسلسل مہنگائی سے قوم کا تیل نکال رہے ہیں۔ ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جاسکتا ہے اورپٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی، بجلی، گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے۔ ہر روز قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا جبکہ عوام کی بس ہوچکی ہے، یہ ظلم وہ مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں، قوم پر رحم کیا جائے، عوام دو وقت کی روٹی سے محتاج ہو چکے ہیں۔