لاہور (پ ر) حکومت پنجاب کی وزارت اطلاعات نے اخباری اداروں اور اشتہاراتی ایجنسیوں کو دیرینہ بقایاجات کی پہلی قسط ادا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری اور سیکرٹری اطلاعات مومن آغا نے ایک تقریب میں کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کو 9کروڑ 45لاکھ روپے جبکہ الیکٹرانکمیڈیا کو اس مد میں ایک کروڑ 93لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں ہیں جوکہ حکومت کے ذمے سرکاری اشتہارات کے دیرینہ واجب الادا رقم میں سے پہلی قسط ہے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کی ادائیگیاں ہم نے اپنے وعدے کے مطابق کیں اورانشاءاللہ رمضان میں مزید ادائیگیاں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اخباری تنظیموں CPNE اور APNSسے بات چیت ہوتی رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ الیکٹرانک میڈیا PBAکو بھی ادائیگیوں کا شیڈول بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے اس سلسلے میں بقایاجات کی ادائیگیاں کرنے کا اعلان کیا تھا جو ہماری حکومت پورا کر رہی ہے۔ اس موقع پر CPNE کے سینئر نائب صدر امتنان شاہد‘ CPNE کے سینئر رکن ایاز خان اور PBA کے وقار الدین بھی موجود تھے۔ سی پی این ای کے سینئر نائب صدر امتنان شاہد نے حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ہماری توجہ دلانے پر بروقت ایکشن لیا اور نہ صرف پرنٹ میڈیا بلکہ الیکٹرانک میڈیا کی بھی ادائیگیاں کرکے باقی تمام صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے۔ یہ ادائیگیاں میڈیا میں موجود معاشی بحران کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ میڈیا ہاﺅسز‘ اخبارات اور ٹی وی چینلز میں کام کرنے والے ہزاروں کارکنان کے لئے بھی ٹھنڈی ہوا کا جھونکا بنے گی۔ امتنان شاہد نے سیکرٹری اطلاعات مومن آغا اور DGPRاسلم ڈوگر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہاکہ باقی صوبے بھی اسی طرز پر چلیں تو اس تاثر کی نفی ہو گی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا مخالف حکومت ہے اور اس طرح کے اقدامات حکومت اور میڈیا کے تعلقات کو مضبوط کریں گے کیونکہ میڈیا ریاست کا نہ صرف چوتھا بلکہ موجودہ دور میں سب سے مضبوط ستون ہے۔