کراچی ویب ڈیسک شہر قائد میں باپ کے ہاتھوں بیٹی کو فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لڑکی کو کراچی میں بیچا گیا جب کہ لیویز نے چمن کے پہاڑوں سے اسے بازیاب کرالیا۔کراچی میں باپ کے ہاتھوں فروخت کی جانے والی 15 سالہ لڑکی حسنہ کو چمن کے علاقے شیلا باغ کی پہاڑیوں سے برآمد کرلیا گیا۔ لڑکی کو اس کے والد نے 65 سالہ شخص کو 10 لاکھ روپے کے عوض فروخت کیا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر چمن محمد حسین کے مطابق لڑکی کو خریدنے والے شخص کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، لڑکی کو لیویز نے کامیاب کارروائی کے بعد برآمد کیا۔بازیاب ہونے والی لڑکی حسنہ نے کہا ہے کہ والد اور بڑے بھائی نے زبردستی فروخت کیا، مجھے انصاف دلایا جائے،والد کو سخت سزا دی جائے۔ لڑکی کی والدہ نے کہا ہے کہ میری بچی کراچی میں مدرسے میں پڑھتی تھی اس واقعے پر شوہر کو معاف نہیں کروں گی۔