لاہور(ویب ڈیسک)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ کیسی نا اہلی ہے کہ ملک کی ساری سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جمہوری لیڈر نہ صرف عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں بلکہ ان کے حقوق بھی واپس دلواتے ہیں اور نواز شریف کا یہی خوف سازشیوں اور مخالفین کو دن رات کھائے جا رہا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ یہ کیسی نا اہلی ہے کہ ملک کی ساری سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے جبکہ نواز شریف کے خوف سے اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ ایک دوسرے کا چہرہ نہ دیکھنے والے مخالفین کو بھی اکٹھا بیٹھنا پڑ رہا ہے، عمران خان چار سال سے رو رہا ہے اور جیسے جیسے (ن) لیگ اور نواز شریف آگے بڑھیں گے ان کا رونا تیز ہوتا جائیگا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف بار بار کیس چلتا ہے لیکن اس نااہلی سے نوازشریف مزید مضبوط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب کے مقدمے میں گواہوں کی بات سن کے مجھے ہنسی آتی ہے کیوں کہ گواہوں سے سوال کیے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہمیں نہیں پتہ کاغذات میں کیا لکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گواہوں کو یہ بھی پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کس چیز کی گواہی دینے آئے ہیں اور گواہ کہتے ہیں انھیں یہ کاغذ پکڑائے گئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ہمارے کیس میں بادی النظر کی بات کی جاتی ہے جبکہ نیازی کمپنی نے لندن میں فلیٹ خریدا بھی اور فروخت بھی کیا، عمران خان بار بار سپریم کورٹ میں موقف بدلتا رہا لیکن اس سے کہا جاتا ہے نہیں نہیں یہ اثاثے تمہارے نہیں کیوں کہ سپریم کورٹ عمران خان سے بہتر جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تین نسلوں کی چیزیں کھنگال لیں لیکن عدالتی کمیشن نے عمران خان سے سوال پوچھے تو انہوں نے کہا کہ سر پر چوٹ لگی تھی اس لیے میں بھول گیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا اور نواز شریف نے جو وعدے کیے تمام پورے کیے۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ نواز شریف نے 10 ہزار کلومیٹر سڑکوں کاجال بچھایا اور اب مخالفین کی بےچینی دیکھیں انہیں بات کرنے کو کوئی ایشو نہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہی 2018 کا الیکشن جیتے گا اور نواز شریف کی ہی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں ایک بار پھر شروع ہوگا۔