تازہ تر ین
nab.jpg

وطن واپسی پر گرفتاری

لاہور (خصوصی رپورٹ) شریف خاندان کے خلاف کرپشن سکینڈلز اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے حوالے سے نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ شریف خاندان کے اثاثوں کی اہم دستاویز کے حصول کیلئے نیب کی خصوصی ٹیم آئندہ ہفتے لندن اور دبئی روانہ ہوگی۔ نیب نے حسین نواز، حسن نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاتی امرا کیساتھ وزارت خارجہ کے ذریعے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ارسال کردیئے ہیں۔ نیب کے انٹرنیشنل کوآرڈینیشن ونگ نے وزار تخارجہ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کو وارنٹ گرفتاری چھ اکتوبر تک لندن فلیٹس میں قیام پذیر ملزمان تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے۔ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے ریڈ وارنٹ کی تیاری کے پیش نظر ایف آئی اے سے چاروں ملزمان کی امیگریشن رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ نیب حکام کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان کے کرپشن کیسز کیلئے مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے پیش نظر تحقیقاتی عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ شریف خاندان کے خلاف حتمی ریفرنسز کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ نیب نے دبئی ، سعودی عرب ، قطر اور برطانیہ کو شریف خاندان کی جائیدادوں، اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کی تفصیلات کیلئے خطوط ارسال کیے تھے۔ دبئی اور برطانیہ کی جانب سے نیب و دستاویز کی فراہمی کیلئے گرین سگنل موصول ہو گیا ہے۔ جس کے باعث نیب کی خصوصی ٹیم آئندہ ہفتے دبئی اور لندن کا دورہ کرے گی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد نیب کی خصوصی ٹیم کے ویزوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ نیب حکام کے مطابق دبئی، سعودی عرب اور لندن سے ملنے والی اہم دستاویز کے بعد شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں حتمی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ حتمی ریفرنسز میں نئی جائیدادوں اورگواہان کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔ دوسری جانب آئندہ سماعت پر پیشی سے مریم نواز کے علاوہ دیگر تینوں ملزمان کو نیب کی گرتاری سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔ نیب نے پہلی مرتبہ ایف آئی اے سے بھی چاروں ملزمان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق سرکاری امیگریشن رپورٹ طلب کرلی ہے۔ امیگریشن رپورٹ طلب کرنے کا مقصد چاروں ملزمان کی بیرون ملک مقیم ہونے کی حتمی طور پر سرکاری رپورٹ تیار کرنا ہے۔ چاروں ملزمان کی جانب سے نو اکتوبر کو احتساب عدالت میں عدم پیشی پر نیب کی جانب سے ایف آئی اے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ نیب کی جانب سے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی جائے گی ۔احتساب عدالت کی جانب سے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے بعد نیب عالمی قانون کے مطابق ملزمان کی لندن سے گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ کے اجراءکیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھے گی۔ نیب کی سفارش پر وزارت داخلہ ریڈ وارنٹ کی منظوی دے گی اور ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ وارنٹ انٹرپول کو ارسال کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی اور ضمانت کیلئے تیاری کر رہی ہے۔ چاروں ملزمان کی جانب سے اکٹھے آئندہ سماعت پر احتساب عدالت پیش ہونے کا امکان نہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv