راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاکستان نے بیلسٹک میزائل ”نصر“ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو روایتی اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین پر کم فاصلے تک مار کرنے والے نئے نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل زمین میں 60 سے 70 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو مکمل درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میزائل لانچنگ کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نصر میزائل بھارت کے جنگی نظریے ”کولڈ اسٹارٹ“ ڈاکٹرائن پر ”ٹھنڈا پانی“ انڈیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت جارح پڑوسی سے امن کی ضمانت ہے، جنگ سے ہر قیمت پر بچنا چاہیے، ہماری دفاعی صلاحیت کا واحد مطلب یہ ہے کہ کوئی ہم سے جنگ کا خیال بھی دل میں نہ لائے، بات چیت کے ذریعے امن کے قیام کے لیے تمام حکومتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق نصر میزائل ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور رواں ہفتے پاکستان نے میزائل تجربات کی سلسلے کا کامیاب انعقاد کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی اسٹریٹجک فورس کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے جوہری اثاثوں کے موثر کمان اینڈ کنٹرول پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر ، وزیراعظم ، آرمی چیف، چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ائر چیف اور نیول چیف نے کامیاب میزائل تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔