اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات عدالتوں میں نہیں جانے چاہئیں، عدالت سے فیصلے مرضی کے مطابق نہیں آتے، عمران خان نے سیاست میں گند کو دوبارہ فروغ دیدیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں صورتحال پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے ایسا نہ ہوتا تو بہتر تھا، جو کچھ ہو رہا ہے اس سے فائدہ کسی کو نہیں ہو گا البتہ نقصان سب کا ہو گا۔ میمو گیٹ پر پارٹی میں بحث کرائی جاتی تو شاید وزیراعظم عدالت نہ جاتے۔ وزیراعظم نوازشریف نے ہمیں عمران خان کی ذاتی زندگی پر بات نہ کرنے کی ہدایت کی۔ مصدق ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں مریم نواز پر کوئی الزام نہیں تھا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ قطر کے شہزادے کا بیان شامل ہونے تک جے آئی ٹی کی تفتیش کی کوئی ساکھ اور اہمیت نہیں ہو گی۔ انہوں نے سوا ل کیا کہ جے آئی ٹی نے قطر کے شہزادے کو سوال نامہ بھیجنے سے تحریری انکار کیا، کیا اس طرح قانون کی دھجیاں نہیں اڑائی گئیں، ہمارے بنیادی دفاع اور اہم گواہ سے بیان نہیں لیا جا رہا، کیا یہ حقائق چھپانے کے مترادف نہیں، کیا یہ ارسلان افتخار کیس میں دئیے گئے عدالت عظمٰی کے واضع احکامات اور فیصلے کی توہین نہیں۔ عدالت عظمٰی اس کا نوٹس لے۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی پیشی پر شو آف پاور نہیں ہو گا، لیگی کارکن انصاف کیلئے کھڑے ضرور ہوں گے، ہمیں ابھی تک پتہ نہیں کہ یہ سب کچھ کس قانون کے تحت ہو رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جے آئی ٹی رپورٹ پبلک کی جائے۔ انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی تحقیقات کر رہی ہے، سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے، عمران خان نے چندے کے پیسوں سے جوا کھیلا، ہر بھیجے گئے پیسوں میںسے ایک روپے کا بھی حدیبیہ پیپرز ملز سے کوئی تعلق نہیں۔ جے آئی ٹی کا تماشا ختم ہونے میں ایک ہفتہ رہ گیا ہے جے آئی ٹی اپنے کرتوتوں کی وجہ سے متنازع ہوئی ہے تحفظات کے باوجود وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام قیادت جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی ہے،مریم نواز کا جے آئی ٹی میں پیش ہونا بڑا فیصلہ ہے جے آئی ٹی تحقیق کرئے لیکن تذلیل نہ کرے رحمان ملک کی منی ٹریل جعلی ہے مشرف نے اسی کہانی پر نواز شریف کا ٹرائیل کرنے کی کوشش کی،پہلے کی طرح نواز شریف اب بھی کامیاب ہوگے ریمنڈڈیوس نے جو کہا اس پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی عمران خان کے پاس نہ اپنی نہ اپنی اولاد کی منی ٹریل ہے ان کو جیل جانا ہوگا، جمشید دستی کی تلاشی لی گئی تووہ رو پڑا عمران خان بھی رونے کے لیے تیار رہیں۔ہم نے 70سال کی منی ٹریل پیش کردی ہے جے آئی ٹی کہتی ہے کے ان کی رپورٹ کوئی اور لکھتا ہے ہمیں یہ ڈر ہے کہ ان کا فیصلہ بھی کوئی اور نہ لکھ دے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف اور اُن کے خاندان نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر کے وہ مثال قائم کی ہے جس کی کوئی نظیر نہ ملتی۔ دانیال عزیز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ (ن) لیگ دیوار سے لگنے والی نہیں کیونکہ انہوں نے عوام کے لئے کام کیا ہے تحریک انصاف نے آئینی اداروں کی تضحیک کی ہے۔