سیالکوٹ(بیورورپورٹ)سیالکوٹ کے علاقہ گوندل کی رہائشی بیوہ خاتون نے ڈی پی او سیالکوٹ کو ناخلف بیٹوں اور بہوو¿ں کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دیدی، بدبخت بیٹے اپنی بیویوں کیساتھ ملکر بیوہ ماں پر ظلم کرنے لگے، تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقہ گوندل کی رہائشی 60سالہ بیوہ خاتون رشید بی بی نے ڈی پی او سیالکوٹ کو دی گئی تحریری درخواست میں الزام لگایا ہے کہ میرا خاوند وفات پاچکا ہے اور اسنے اپنی زندگی میں بیٹوں کی غلط حرکات کی وجہ سے اپنا مکان ملکیتی میرے نام بذریعہ اشٹام پیپر لکھ دیاتھا، میرے خاوند کے دو بیٹے سابق بیوی سے ہیں جبکہ ایک بیٹا میرے بطن سے ہے مگر تمام بیٹے مجھے سہارا دینے کی بجائے مجھ پر تشدد کرکے میری زندگی بھر کی جمع پونجی مکان ہتھیانے کی کوشش کررہے ہیں، چند روز قبل بیٹوں نے اپنی بیویوں کےساتھ مل کر مجھے لوہے کی پیٹی میں بند کردیاتھا اور اکثر اوقات بیٹے اپنی بیویوں کیساتھ ملکر مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اورقتل کی دھمکیاں دیتے ہیں، بیوہ خاتون نے بتایا کہ سابق ایڈوائزر بے نظیر بھٹو و اسمبلی ممبر آزاد جموں و کشمیر شہزادہ کوثر گیلانی میری ہمسائی ہیں اور انہوں نے متعدد بار مجھے ان بیٹوں اور بہوو¿ں کے تشدد سے آزاد کروایا ہے، بیوہ خاتون کی درخواست پر ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔