اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف نے پارٹی سربراہ عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی میں جعلی پارٹی انتخابات کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں تاکہ کاغذی خانہ پوری کرکے انتخابی نشان کے حصول کے لئے الیکشن کمشن کے قانونی تقاضے کو پورا کیا جاسکے۔ فانڈرگروپ جعلی پارٹی انتخابات کو الیکشن کمشن سمیت تمام متعلقہ قانونی فورمز پر چیلنج کرے گا۔ یہ اعلان پی ٹی آئی کے بانی ، سابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات اورفانڈر گروپ کے سرکردہ راہنما اکبر ایس بابر نے اتوار کو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس ٹولے کیخلاف جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے فیصلہ دیا تھا اور ان سے پارٹی کو پاک کرنے کا حکم دیا تھا، وہی عناصر پارٹی میں شفاف، ایماندارانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کیسے کراسکتے ہیں؟ عمران خان پارٹی آئین کا احترام کرتے ہوئے اسکے سیکشن (XV)کے تحت مرکزی اور صوبائی سطح پر آزاد الیکشن کمشن قائم کریں جو انتخابات کرانے کا آئینی طریقہ ہے۔ اس طریقہ کار میں تبدیلی کا واحد راستہ پارٹی آئین میں آئینی ترمیم ہے جس کیلئے مجاز فورم پی ٹی آئی نیشنل کونسل ہے۔ عمران خان کےاے ٹی ایم جعلی انتخابی عمل کے ذریعے اپنے حواریوں کو منتخب کرانے کا ڈھونگ رچانے کیلئے حکمت عملی مرتب کررہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اندر انتخابات کے عمل کو جعلسازی قرار دیکر اسکے خلاف حقیقی پارٹی کارکنوں کی جانب سے نیا قانونی محاذ کھولنے کی دھمکی دی ہے۔