Tag Archives: universty

پاکستان کی یونیورسٹی میں 70 سال بعد وہ کا م ہو گیاجو پہلے کبھی نہ ہوا تھا

کراچی (خصوصی رپورٹ) ملک کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری جامعہ کا وائس چانسلر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کو مقرر کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام دیو راجانی کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز(لمس) جامشورو کا وائس چانسلر کا منتخب کردیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے سمری 10ستمبر کو گورنر سندھ کو ارسال کی اور گزشتہ روز 30اکتوبر بروز پیر کو گورنر ہاﺅس کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی ادویات کے شعبے کے پروفیسر ہیں۔ قبل ازیں تلاش کمیٹی نے 3 امیدوارں ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی اور ڈاکٹر اکبر نظامانی کے نام وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجے تھے۔ وزیراعلیٰ نے تینوں امیدو اروں کے انٹرویو کرنے کے بعد ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی کا بطور وائس چانسلر انتخاب کیا۔ سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ جو 8سال سے زائد عرصے تک لمس کے وائس چانسلر رہے‘ وہ اب واپس ڈاﺅ میڈیکل یونیورسٹی میں بطور پروفیسر فرائض سنبھال لیں گے۔ ڈاکٹر نوشاد شیخ کی دوسری مدت رواں سال 2جولائی کو مکمل ہوگئی تھی تاہم سیکرٹری بورڈ و جامعات اور تلاش کمیٹی وقت پر نہ تو وائس چانسلر کی تلاش کا اشتہار دے سکی اور نہ ہی انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کرسکی تھی جس کے بعد گورنر سندھ نے ڈاکٹر نوشاد شیخ کی نئے وائس چانسلر کی تقرری تک انہیں بطور وائس چانسلر کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔