Tag Archives: khabrain

الیکشن کا آخری مرحلہ آج مکمل، پارٹی پوزیشن واضح ہوجائے گی

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکشن جاری ہونے کے بعد آج عام انتخابات 2018 کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا جس سے تمام جماعتوں کی پوزیشن بھی واضح ہو جائے گی۔الیکشن کمیشن آج عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد خواتین اور غیر مسلموں کے لیے مخصوص قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی 221 نشستوں پر کامیاب ارکان اسمبلی کا نوٹیفیکشن جاری کرے گا جس سے پارٹی پوزیشن بھی واضع ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان سیاسی جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی ترجیحی فہرست کے مطابق کرے گا۔قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستیں ہیں جب کہ 10 نشستیں اقلیتی ارکان کے لیے مخصوص ہیں. اس طرح قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 70 مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا نوٹیفیکشن جاری ہو گا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ایک سے زائد نشست پر جیتنے والے کامیاب امیدواروں کو حلف اُٹھانے سے قبل کسی ایک سیٹ کا انتخاب کرکے بقیہ نشستوں کو چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔ نومنتخب کامیاب امیدوار اپنی نشستیں چھوڑنے کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنرز کو بھی آگاہ کر سکتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیرمیں مسلح افراد کے حملے میں میجر سمیت 4 بھارتی فوجی ہلاک

سری نگر(ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں میجر سمیت 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان بھی شہید ہوگئے۔ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گوریز میں بھارتی فوج گشت میں مصروف تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگاکر اس پر حملہ کردیا۔ فائرنگ سے 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جن میں ایک میجر بھی شامل ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ آپریشن کے دوران قابض فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔حریت رہنماو¿ں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یسین ملک نے مشترکہ بیان میں میں آئین کے آرٹیکل 35 اے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی سازش کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی ائین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو زمینیں خریدنے کی اجازت نہیں تاہم بھارتی حکومت نے آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔عدالت کی جانب سے بھارتی حکومت کی درخواست منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے تنیجے میں بھارتی حکومت اسرائیل میں یہودی بستیوں کی طرز پر ملک بھر سے ہندوو¿ں کو لاکر مقبوضہ کشمیر میں آباد کرے گی اور مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے گا۔

بلوچستان میں فورسز کی گاڑی کو حادثہ ، 4 اہلکار شہید

خضدار(ویب ڈیسک) ضلع واشک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک ایران سرحد کے قریب بلوچستان کے علاقے واشک میں فورسز کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔سیکورٹی اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایف سی کا دو گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جارہا تھا کہ ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی۔

نیب نے پنجاب پولیس میں کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا

لاہور(ویب ڈیسک ) نیب نے  پنجاب پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کے بعد پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پرآگئی ہے اور نیب نے گھپلوں میں ملوث پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،  اس حوالے سے نیب لاہور کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھا گیا ہے جس میں سازوسامان کی خریداری کی تفصیلات اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئی جی پنجاب کو مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لئے متعدد مراسلے لکھے جا چکے ہیں لیکن پنجاب پولیس نے تاحال مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا اس لئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجا جائے۔نیب لاہور نے ایس ایس پی عبد الرب چوہدری کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس میں 2012 سے 2015 کے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں, چھتریوں اور اینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اور پولیس افسران نے کرپشن کے ذریعے ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی منظوری دے دی

لاہور(ویب ڈیسک)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی منظوری دے دی ہے۔لاہور میں نیب آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی منظوری دے دی ہے جب کہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں اور نہ ہی کسی پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، کرپشن کے خاتمہ کے لیے الیکشن کے بعد تک کام جاری رہے گا۔چیئرمین نیب نے کہا کہ قانون پرعمل درآمد ضروری ہے جو نہیں کرے گا اس سے عمل کروایا جائے گا، لوگ الیکشن مہم بھی چلائیں اور جب نیب بلائے تو پیش بھی ہوں، نوٹس دعوت نامے نہیں ہیں تحقیقات کے لیے قانون کے مطابق بھجوائے جارہے ہیں۔

بلاول نے پیپلز پارٹی کا منشور پیش کر دیا، جمہوریت اور معیشت مضبوط کرنے کا عزم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلر پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی جڑیں گہری کرنا ہماری پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بطور پارٹی سربراہ اپنا پہلا منشور پیش کیا جو مجموعی طور پر پارٹی کا گیارہواں منشور ہے۔پیپلز پارٹی کا پہلا منشور 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے پیش کیا تھا۔پیپلز پارٹی کے موجودہ منشور کا نام ’ بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان کو بچانا ہے‘ رکھا گیا ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا ہر شعبہ استحصال کا شکار ہے لیکن ہم دنیا میں پاکستان کی جائز حیثیت بحال کرائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان مفلوج ہو چکا ہے، دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کے باوجود پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر تمام ادارے تباہ کر دیے گئے اور پارلیمنٹ خاموش تماشائی بن کر ریاست و معیشت کو لاحق خطرات کو دیکھتی رہی لیکن ہم ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور پارلیمنٹ اور دیگر ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کے وقار پر سمجھوتا نہیں کریں گے اور دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات رکھیں گے، پارلیمان کو خارجہ پالیسی پر اعتماد میں رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سلالہ پر حملے کے بعد شمسی ایئربیس کر دیا اور 7 ماہ نیٹو سپلائی بند کی، امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور پہلی مرتبہ ایک سپر پاور ملک کو معافی مانگنی پڑی۔
پانی کا مسئلہ
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ سنگین ہے، پانی کے مسلے کو حل نہ کیا تو یہ سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنا ہو گا کہ پانی کی بچت میں بقا ہے، ہم نے جام شورو میں ڈیمز بنائے لیکین ہمیں ملک بھر میں ڈیمز بنانے ہوں گے۔
پیپلزپارٹی پانی کے مسئلے پر کام کر رہی ہے لیکن افسوس ہے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ایک پانی کا منصوبہ نہیں بنا، ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے اور ڈرپ اریگیشن کو فروغ دینا ہو گا۔
زرعی اصلاحات اور ٹیکسٹائل
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کی زراعت کا برا حال ہے لیکن ہم ملک کے کسانوں کی رجسٹریشن کر کے انہیں بے نظیر کسان کارڈ جاری کریں گے، خواتین کسانوں کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی پیداوار میں اضافے کے لیے مقامی کاشتکاروں کو سبسڈی دی جائے گی، یوریا کھاد کی قیمت 500 روپے اور ڈی اے پی کھاد کی قیمت 1700 روپے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستانی معیشت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے لیکن آج اس شعبے کا برا حال ہے، ہم ٹیکسٹائل کے شعبے کو بحال کریں گے اور ٹیکسٹائل پر زیرو ٹیکس ہو گا۔
صحت کی سہولیات
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی، ٹنڈو محمد خان، مٹھی اور خیرپور میں اسپتال کھولے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کینسر کا علاج متعارف کرایا، بدین میں 8 منزلہ جدید اسپتال قائم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آ کر صحت کی سہولتوں کے نظام کو ملک بھر میں پھیلائیں گے اور پہلی مرتبہ فیملی ہیلتھ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
مضبوط جمہوریت
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دشمنوں کی سازشیں جاری ہیں، سالہا سال سے پارلیمنٹ میں غیرحاضر رہ کر ووٹ کو عزت نہیں دی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے سے بھی جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر قدعن لگائی جا رہی ہے لیکن پیپلزپارٹی کو سینسر اور ملاوٹ شدہ جمہوریت قبول نہیں ہے، پیپلزپارٹی معیاری جمہوریت کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔

طلباءاور ٹریڈ یونینز کی بحالی
چیئرمین پیپلز پارٹی طلباء یونین اور ٹریڈ یونین پر پابندی ختم کی جائیں گی، منشور میں پہلی مرتبہ لونگ ویج کا پیکج متعارف کرایا ہے جس کے تحت کسی کو ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

دبئی میں پینا سونک کے 100ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد ، گاہکوں کیلئے مزید نئی اور جدید پراڈکٹس متعارف کرواتے رہیں گے : مینجنگ ڈائریکٹر پی ایم ایم اے ایف کا عزم

دبئی سٹی (ویب ڈیسک )100ویں یوم تاسیس کے موقع پر پینا سونک کی مشرق وسطیٰ اور افریقی مارکیٹنگ’پی ایم ایم اے ایف‘ کی جانب سے دبئی میں انتہائی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمپنی کی نئی پراڈکٹس کی نمائش بھی کی گئی جبکہ اس موقع پر پی ایم ایم اے ایف نے اعلان کیا کہ کمپنی مشرق وسطیٰ میں اپنی توقعات کے مطابق ترقی کر رہی ہے مزید ترقی کی امید رکھتی ہے،مینجنگ ڈائریکٹر نے جلد ہی رمضان اور عید کمپین شروع کرنے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ گاہکوں کو بہتر زندگی دینے کا عہد پورا کرتے ہوئے ہم نئی پراڈکٹس متعارف کرواتے رہیں گے جو خطے کی ضروریات کے عین مطابق ہو ں گی۔دبئی میں ڈیلرز کی سالانہ تقریب میں پی ایم ایم اے ایف کے مینجنگ ڈائریکٹر نے ’ہیروکی سوئی جیما‘نے کمپنی کے جدت کے وسیع ورثے اور اس کی ترقی کی رفتار کو 2018 میں بھی برقرار رکھنے کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ پینا سونک کیلئے سرمایہ کاری کیلئے اہم ترین مارکیٹ بنتی جارہی ہے ، گزشتہ 100 سالوں کے دوران اپنی طاقت اور قیادت کو ثابت کر نے بعد ہم واقعی خود کار الیکٹرانکس ٹیکنالوجی کے قیام میں بہت آگے آ چکے ہیں۔ایک صدی کے طویل تجربے اور مسلسل کچھ نیا کرنے کی صلاحیت کے باعث ہمیں یقین ہے کہ پینا سونک آئندہ سوسال بھی اپنا آپریشن اسی طرح کامیابی کے ساتھ جاری رکھے گی اور ہم اپنے انتہائی قابل جاپانی کاریگروں اور اپنی ساکھ کی بدولت نئی چیزیں بنا کر اسی طرح مستقبل کی تشکیل میں اہم کر دار ادا کرتے رہیں گے۔

ہمارے ارکان اسمبلی نے 60کروڑ لئے ،عمران خان کا چونکا دینے والا انکشاف

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے پارٹی کے بیس ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر ان اراکین نے جواب نہ دیا تو پارٹی سے نکال کر معاملہ نیب کوبھیج دینگے، تیس سے چالیس سال ووٹ بکتا رہا ہے ، پاکستانی تاریخ میںہم نے پہلی بار ایکشن لیا ہے، میںنہ بکنے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، نواز شریف کو ملک سے باہر نہیں جانے دینا چاہئے تھا، یہ کرپشن کی یونین ہے، جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ طاقتور کو قانون کی گرفت میں لایا گیا، جنوبی پنجاب کے علیحدہ صوبے کی حمایت کرتے ہیں،جنوبی پنجاب محاذ سے بات چیت چل رہی ہے، ٹکٹ دینے کیلئے کوئی پیسہ مانگ رہاہے تو بتائیں اس کیخلاف کارروائی ہوگی، 29 اپریل کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ بدھ کو بنی گالہ میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین ، خیبرپختونخوا کے صوبائی وزراءسمیت سینیٹر اور اراکین قومی اسمبلی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی پرویز خٹک نے سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔ رپورٹ میں ان تمام اراکین اسمبلی کے نام تھے جنہوں نے پیسوں کے عوض اپنا ووٹ تحریک انصاف کی بجائے دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے 30 ارکان کو ہارس ٹریڈنگ ڈیل کی پیشکش ہوئی جن میں 15 ارکان صوبائی اسمبلی کو ووٹ کے بدلے پیسے دیئے گئے جبکہ ایک رکن نے ڈیل کے بعد اپنا ارادہ بدل دیا۔ ووٹ کے بدلے ناصرف پی ٹی آئی بلکہ اے این پی اور قومی وطن پارٹی کے ارکان کو بھی رقم دی گئی، اس سارے عمل میں ایک ارب 20 کروڑ روپے تقسیم ہوئے اور تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے 60 کروڑ روپے وصول کئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ27 فروری کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی آٹی آئی کے3 ارکان نے 11 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کئے۔28 فروری کو 5 ارکان اسمبلی نے4،4 کروڑ، یکم اور2 مارچ کو6 ارکان نے 3،3 کروڑ روپے لئے۔ 2 مارچ کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ایک خاتون رکن صوبائی اسمبلی پیسے وصول کرنے کےلئے اسلام آباد پہنچی، اس نے 3 کروڑ روپے لینے سے انکار کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا لیکن اسے 4 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا سینیٹ میں ووٹ بیچنے والے ارکان کیخلاف ایکشن کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد الزامات کی پوری تحقیقات کی۔ سینیٹ الیکشن میں ووٹ کی خریدوفروخت پر کوئی ایکشن نہیں لیتا تھا۔ جنہوں نے اپنا ووٹ بیچا وہ ہماری پارٹی میں مزید نہیں رہ سکتے۔ بیس ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالنا برداشت کرسکتے ہیں مگر ضمیر فروشی نہیں، ہم نے ووٹ بیچنے والوں کو نہیں چھوڑنا ۔ جنہوں نے اپنا ووٹ نہیں بیچا وہ شاباش کے مستحق ہیں۔عمران خان نے اعلان کیا کہ بیس ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائےگا۔ شوکاز نوٹس کا جواب نہیں ملا تو نام نیب میں بھیجیں گے۔عمران خان نے کہا کہ جس جس ایم پی اے نے ووٹ بیچا اس کا نام نیب کو دے رہے ہیں تاکہ ان کے بینک اکاﺅنٹس چیک کریں ۔انہوں نے بتایا کہ ووٹ بیچنے والوں میں نرگس علی، دینا ناز، نگینہ خان ، فوزیہ بی بی ، نسیم حیات ، سردار ادریس ، عبید مایار ، زاہد درانی، عبدالحق ، قربان خان، امجد آفریدی، عارف یوسف، جاوید نسیم، یاسین خلیل، فیصل زمان، سمیع علی زئی ،معراج ہمایوں ، خاتون بی بی، بابر سلیم اور وجیہہ الدین شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو ملک سے باہر نہیں جانے دینا چاہئے تھا۔ انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملزم کو پروٹوکول دیا جارہا ہے ۔ نوازشریف کے ملک سے باہر جانے پر سخت تحفظات ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف کیسز آخری مراحل میں ہیں۔ بیرون ملک جانے سے ان کے کیس میں فیصلہ نہیں آسکے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹکٹ دینے کیلئے کوئی پیسہ مانگ رہاہے تو مجھے بتائیں اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ 29 اپریل کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان ہونیوالا جلسے میں اتنے لوگ شرکت کرینگے کہ پہلے کسی جلسے میں اتنے لوگ شریک نہیں ہوئے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ علیحدہ صوبہ چاہتے ہیں ان کے مطابات ماننے چاہئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے سیمینار کے موقع پر نواز شریف کیساتھ موجود لوگوں کو ڈر ہے کہ کل ان کی باری آئیگی ، یہ لوگ ووٹ کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک طاقتور کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔ حکومت منی لانڈرنگ میں ملوث نواز شریف کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ سے پی ٹی آئی میں آنیوالے وجیہہ الزمان نے بھی ووٹ بیچا ہے جب سے سینیٹ انتخابات شروع ہوئے ہیں اراکین اپنے ووٹ بیچتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جواب دینے کی بجائے اداروں پر حملہ کررہے ہیں ۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے کیلئے اگر کسی نے پیسہ دیا تو وہ ضائع ہوگا۔گزشتہ الیکشن میں ٹکٹ پر توجہ نہیں دی ، اس بار کسی امیدوار کے حوالے سے مطمئن نہ ہوا تو ٹکٹ نہیں دونگا۔

ایم کیو ایم کے ایک اور ایم پی اے انور رضا پی ایس پی میں شامل

کراچی(ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ پاک سر زمین پارٹی کے آنگن میں آگری، پی ایس 102 سے رکن سندھ اسمبلی انور رضا نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد حذب اختلاف کی تبدیلی کا سوچا ہے نہ سوچ رہے ہیں وہ بے فکر ہو کر صحیح طریقے سے کام کریں۔ایم کیو ایم پاکستان کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی پی ایس پی کو پیارے ہو گئے۔ پی ایس 102 سے رکن سندھ اسمبلی انور رضا نے ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے اور پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان ہاوس کراچی میں مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انور رضا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی اور خوشی سے پی ایس پی میں آئے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کو تبدیل کرنے کا سوچا نہ سوچ رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف اگر اپنا صحیح کردار اسمبلی میں ادا کریں گے تو پی ایس پی انکی حمایت کرے گی۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ اگر کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کے مسائل کو حل نہیں کیا تو پھر پی ایس پی عوام کے ساتھ ملکر سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔

(ن) لیگ کے 8 ارکان اسمبلی کا پارٹی چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذبنانے کا اعلان

 لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان قومی اسمبلی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ بنانے کا اعلان کردیا۔حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشکلات ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہیں۔ لاہور میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے منحرف اراکین اسمبلی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کردیا۔ منحرف ارکان میں مخدوم خسرو بختیار، عالم ڈار لالیکا ، باسط بخاری، سید اصغر علی شاہ اور رانا قاسم نون شامل ہیں۔سابق وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ن لیگ اور پارلیمنٹ کی نشستوں سے مستعفی ہونے اور ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، میر بلخ شیر مزاری اس محاذ کے سرپرست ہوں گے، ہم ایک ہی سیاسی نظریاتی ایجنڈے پر اکھٹے ہیں، ہمارا مقصد نئے صوبے جنوبی پنجاب کا قیام ہے، ہمیں 10 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی اور 5 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔رانا قاسم نون نے کہا کہ ہماری حمایت کے بغیر کوئی الیکشن نہیں جیت سکے گا، جب محرومیاں بڑھ جاتی ہیں تو مایوسی میں اضافہ ہوتا ہے، یہ حساس مسئلہ ہے، نیا صوبہ بننے سے وفاق مضبوط ہوگا۔

پی سی بی نے شمالی وزیرستان میں چھپا ٹیلنٹ سامنے لانے کی ٹھان لی

لاہور (ویب ڈیسک )پی سی بی نے شمالی وزیرستان کے کھلاڑیوں میں بھی کرکٹ کا فن منتقل کرنے کی ٹھان لی، اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی ٹیم پاک فوج کے اشتراک سے شمالی وزیرستان کا دورہ کرے گی جہاں فاٹا کے نوجوانوں کے ٹرائل لئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی ٹیم شمالی وزیرستان کا دورہ کررہی ہے۔ جہاں فاٹا کے نوجوانوں کے ٹر ائل لئے جائیں گے۔ دورہ کرنے والی ٹیم میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کے ہمراہ شاداب خان، یاسر شاہ اور علی ضیا ہوں گے۔ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے اس دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کے بعد منتخب نوجوانوں کو پی سی بی اسکل ڈویلپمنٹ کیمپ میں شامل کیا جائے گا تاکہ فاٹا کے نوجوان قومی سطح پر کرکٹ کھیل سکیں ۔ اس پروگرام سے فاٹا کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ کرکٹ پاکستانی قوم کو متحد کرتی ہے اس لیے پاک فوج کرکٹ کی بحالی کے لیے سیکیورٹی سمیت تمام تر ممکنہ تعاون کر رہی ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے بعد ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔ کراچی میں پی ایس ایل تھری کے فائنل نے ثابت کیا کہ روشنیوں کے شہر سے خوف کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ وزیرستان میں یو کے الیون اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے میچ سے دہشت گردوں کو واضح شکست ہوئی ہے۔

وقت آیا تو نواز شریف سے حساب لیں گے، آصف زرداری

نوابشاہ(ویب ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے نواز شریف کی حکومت بچائی لیکن انہوں نے اچھا صلہ نہیں دیا اور وقت آیا تو ان سے حساب لیں گے۔نوابشاہ پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ  نواز شریف 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، نواز شریف  کی حکومت ڈیڑھ سال میں ختم ہونے والی تھی جسے ہم نے بچایا کیونکہ حکومت ختم ہوتی تو کرسی کا کھیل شروع ہوجاتا، لیکن نواز شریف نے اچھا صلہ نہیں دیا، وقت آیا تو ان سے حساب لیں گے ،ان سے الیکشن میں مقابلہ ہوگا، وہ بھی اپنے گُرآزمائیں ہم بھی آزمائیں گے۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم ہر کام پاکستان کے فائدے میں کرتے ہیں، ذاتی مفاد کے لیے نہیں، پاکستان کی موجودہ صورت حال کو پیپلز پارٹی ہی سنبھال سکتی ہے، پیپلز پارٹی بہت بڑی طاقت ہے جس کی لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی۔دوسری جانب نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے رہنما بیریسٹر عامر حسن سے ملاقات کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف جمہوریت اور ملک کیلئے نہیں اپنی ذات کیلئے سیاست کرتے ہیں جب کہ ہم اپنی ذات اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک اورآئندہ نسلوں کیلئے سیاست کرتے ہیں، ہم نے بہت کوشش کی کہ نواز شریف ٹھیک ہوجائیں اور جمہوریت کے لئے سیاست کرے، ہم نے جمہوریت کی خاطر نواز شریف سے مفاہمت بھی کی لیکن نواز شریف نہ سدھر سکے، ہم نے نواز شریف کو بار بار بچایا لیکن انہوں نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا۔سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط اور نواز شریف نے کمزور کیا،نواز شریف کو اس بات کی فکر ہے اور نہ ادراک کہ ادارے کمزور ہوئے تو ملک کا کیا حشر ہوگا، ہمیں اندازہ ہے کہ ادارے کمزور ہوں گے تو پاکستان کا حال افغانستان جیسا ہو جائے گا، نواز شریف کی دولت اور اولاد باہر ہے وہ خود بھی بھاگ جائیں گے لیکن ہم کہاں جائیں گے، ہمیں اکیس کروڑ عوام کے ساتھ رہنا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ساڑھے چار سال میں پاکستان کو تنہا کر دیا، وزیر خارجہ تک نہ لگایا، اب جو وزیرخارجہ ہے انہیں سفارتکاری کے آداب تو کیا الف ب بھی نہیں معلوم، ہمارے دور میں خطے کے ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے، یہ ہماری خارجہ پالیسی تھی کہ پاکستان ایران اور افغانستان ہاتھ ملا کر کھڑے ہوتے تھے، آج وہی ممالک بھارت کے ساتھ ہاتھ ملا کر کھڑے ہیں۔

پرویز مشرف غداری کیس: خصوصی عدالت کی تشکیل مکمل

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) جسٹس یحییٰ آفریدی کی مشرف غداری کیس سننے سے معذرت کے بعد غیر فعال خصوصی عدالت کی دوبارہ تشکیل مکمل ہو گئی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے خصوصی عدالت سربراہ اور رکن کیلئے وزارت قانون کے خط پر نامزدگیوں کی منظوری دے دی۔چیف جسٹس آف پاکستان کو خصوصی عدالت کی دوبارہ تشکیل کے معاملے پر وزارت قانون نے خط بھجوایا جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یاور علی کو خصوصی عدالت کا سربراہ جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذر اکبر کو رکن نامزد کرنے کی سفارش کی گئی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے دونوں ناموں کی منظوری دی ہے، جس کے بعد وزارت قانون کی جانب سے جلد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔