All posts by Channel Five Pakistan

اداکار عمران عباس ابدی زندگی پانے کے خواہشمند

اسلام آباد:  چھوٹی سکرین کے منجھے ہوئے اداکار عمران عباس نے کہا کہ وہ ابدی زندگی پانے کے خواہشمند ہیں۔ایک پروگرام میں انہوں کہا کہ جب سے ان کی بہن کی وفات ہوئی ہے ان کا زندگی سے اعتبار اٹھ گیا ہے کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ یہ زندگی بہت مختصر ہے اس لئے ہم بے وقت اور بے معنی چیزوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے دوسروں کیلئے کچھ اچھا کر جائیں تو بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اب زندگی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کرتے، کالج کے دور میں محبت ہوئی اور اب تک کرتا ہوں، اپنے پرانے محلے میں جا کر چنے چاٹ کھا کر اب بھی بہت اچھا لگتا ہے۔

جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی۔لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے موبائل برآمدگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے الزام لگایا، تردید بھی انہیں کی طرف سے آئی۔مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ  جس طرح جھوٹ کے پاوں نہیں ہوتے اسی طرح دھاندلی زدہ حکومت کے پاوں نہیں اور جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی۔بعد ازاں مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت سے واپس جیل روانہ کر دیا گیا۔

اسپرین سے پھیپھڑوں پر آلودگی کے مضر اثرات آدھے رہ جاتے ہیں

بوسٹن: اگر کسی علاقے میں آلودگی زیادہ ہو تو پورے دن میں اسپرین کی صرف ایک گولی کھانے سے اس آلودگی کے مضر اثرات کو تقریباً 50 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔کولمبیا یونیورسٹی نیویارک، ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ، ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ، بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن اور کولمبیا میل مین اسکول آف پبلک ہیلتھ میں 2,280 مردوں پر کی گئی اس مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے زیادہ فضائی آلودگی کے دوران روزانہ یا ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ اسپرین کی صرف ایک گولی کھائی تھی، ان میں سینے پر بلغم اور سانس کی نالی میں سوزش سمیت، آلودگی کے مختلف اور ظاہری مضر اثرات میں واضح طور پر کمی آئی تھی اور ان کی شدت، اسپرین کھانے سے پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔آلودگی کے اثرات جاننے کےلیے جن افراد کی صحت سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، وہ اپنی جوانی اور ادھیڑ عمری میں محنت مزدوری کیا کرتے تھے اور ان کا کام زیادہ تر کھلی فضا میں ہوتا تھا، جبکہ ان کی اوسط عمر 73 سال تھی۔مطالعے میں جہاں یہ معلوم ہوا کہ اسپرین کھانے سے پھیپھڑوں پر فضائی آلودگی کے مضر اثرات نہ صرف 50 فیصد رہ جاتے ہیں بلکہ یہ کئی دنوں تک برقرار بھی رہتے ہیں۔ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ماہرین اس بارے میں اب تک کچھ نہیں جان پائے ہیں۔ البتہ اس تحقیق کی طرف وہ اس لیے متوجہ ہوئے کیونکہ زیادہ آلودگی والے علاقوں میں رہنے والے کچھ لوگوں نے اسپرین کھانے کے بعد اپنا نظامِ تنفس بہتر ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔ یہ مطالعہ اس بات کی تصدیق کررہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں وہ یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ پھیپھڑوں پر اسپرین کے مثبت اثرات کس طرح مرتب ہوتے ہیں اور یہ آلودگی سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیسے کرتے ہیں۔یہ بھی واضح رہے کہ اسپرین کا تعلق دواؤں کی جس قسم سے ہے، اسے ’’اینسیڈ‘‘ (NSAID) کہا جاتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاید اینسیڈ قسم کی دوسری دوائیں بھی اسپرین کی طرح آلودگی کے اثرات کم کرسکتی ہیں۔ اس کےلیے بھی وہ ایک اور مطالعے کی تیاری کررہے ہیں۔

سبز چائے سے اینٹی بایوٹکس کی تاثیر میں اضافہ

 لندن: سبز چائے کے لاتعداد فوائد میں ایک اور فائدے کا اضافہ یہ ہوا ہے کہ اس کا استعمال اینٹی بایوٹکس (ضد حیوی دواؤں) کے اثرات کو بڑھاتا ہے اور ایسے جراثیم سے لڑتا ہے جو ہر دوا کو تیزی سے ناکارہ بنا رہے ہوتے ہیں۔دنیا بھر میں انفیکشن امراض کے سامنے ہماری دوائیں تیزی سے بے اثر ہوتی جارہی ہیں جسے اینٹی بایوٹکس ریزسٹنٹس کہا جاتا ہے۔ اس کی واضح مثال پاکستان اور ہندوستان میں ٹی بی کا مرض ہے جس پر کئی طرح کی ادویہ ناکام ہوچکی ہیں اور مریض سخت تکلیف میں ہیں۔ایک حالیہ مطالعے سے علم ہوا ہے کہ سبز چائے میں موجود ایک قدرتی مرکب ایپیگیلوکیٹاکِن اینٹی بایوٹکس کی تاثیر بڑھا سکتا ہے۔ یہ تحقیق برطانیہ میں یونیورسٹی آف سرے اسکول آف ویٹرنری میڈیسن کے سائنس دانوں نے کی ہے۔ماہرین نے سبز چائے کو آزمانے کےلیے سب سے پہلے ایک خاص جرثومے کا انتخاب کیا جس کا نام ’سوڈوموناس ایئرگینوسا‘ ہے۔یہ ننھا دہشت گرد انسان کو بہت تکلیف دیتا ہے اور یہ جلد، خون، سانس اور پیشاب کی نالی کے شدید انفیکشن کی وجہ بنتا ہے۔ اب یہ حال ہے کہ یہ کئی دواؤں کو مکمل بے اثر بناچکا ہے۔ اس سے لڑنے کے لیے ڈاکٹر کئی ادویہ ایک ساتھ ملاکر مریض کو دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود انفیکشن ختم ہونے میں بہت وقت لگ جاتا ہے۔ یہ مسئلہ غریب اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں بہت زیادہ ہے۔سبز چائے میں موجود ایپیگیلوکیٹاکِن مرکب اس سے قبل اندرونی سوزش اور جوڑوں کے درد دور کرنے میں مفید ثابت ہوا ہے۔ ماہرین نے سبز چائے سے یہ مرکب نکال کر اسے ایک دوا ایزٹریونام کے ساتھ ملا کر استعمال کیا۔ جب لیبارٹری میں اس کی آزمائش کی گئی تو اس سے جراثیم کی مزاحمت بہت حد تک کم ہوئی لیکن اگلے مرحلے میں صرف دوا آزمائی گئی تو جراثیم ویسے ہی ڈھیٹ ثابت ہوئے اور دوا کو ناکام بنادیا۔صرف امریکا میں ہی ہر سال 20 لاکھ افراد ایسے انفیکشن کے شکار ہورہے ہیں جو ہمارے پاس موجود تمام ادویہ کے سامنے سخت جان بن چکے ہیں۔ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق، اس سے ہر سال 23 ہزار افراد موت کے منہ میں جارہے ہیں۔اسی بنا پر ماہرین نے کہا ہے کہ سبز چائے اینٹی بایوٹکس کی تاثیر بڑھا سکتی ہے؛ تاہم اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اجازت کے بغیر کوئی دھرنا نہیں دے سکتا، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ اجازت کے بغیر کوئی دھرنا نہیں دے سکتا۔سلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف لانگ مارچ اور دھرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے پوچھا کہ کیا دھرنے والوں نے اسلام آباد انتظامیہ سے دھرنے کی اجازت لی ہے؟۔درخواست گزار حافظ احتشام نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبرکو لانگ مارچ کااعلان کیا ہے جس کی اجازت نہیں لی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈیموکریسی پارک کو دھرنوں کے لیے مختص کیا تھا اور سپریم کورٹ نے بھی فیض آباد دھرنا کیس میں واضح ہدایات جاری کی ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی مارچ کے وقت بھی ڈپٹی کمشنر کو اس وقت بھی ہم نے پابند کیاتھا کہ دھرنے والے اجازت لیں ورنہ نہیں کرسکتے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا کام ہے کہ وہ دھرنے کوریگولیٹ کرے، آپ کی درخواست قبل از وقت ہے کیونکہ انہوں نے ابھی اجازت ہی نہیں مانگی نہ خلاف ورزی کی، قانون پرعمل درآمد کرانا اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ابھی کچھ بھی نہیں ہوا اور اجازت کے بغیر کوئی دھرنا نہیں دے سکتا، احتجاج بنیادی حق ہے لیکن اس سے شہریوں کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔عدالت نے درخواست گزار کو وکیل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

بنگلادیش میں کھانے سے بال نکلنے پر شوہر نے بیوی کو گنجا کردیا

ڈھاکا: بنگلادیش میں ناشتے میں سے بال نکلنے پر غصے سے بھپرے ہوئے شوہر نے جبراً بیوی کے سر کو مونڈھ دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش میں شوہر نے معمولی غلطی پر 23 سالہ بیوی کو مارا پیٹا اور سر کے بال مونڈھ دیئے۔  پولیس نے فوری کارروائی  کرتے ہوئے 35 سالہ شوہر ببلو مونڈال کو حراست میں لے لیا ہے۔  بیوی کے ساتھ زور زبردستی، غیر انسانی سلوک اور مارپیٹ کے الزام میں ملزم کو 14 سال جیل ہوسکتی ہے۔پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ  گاؤں کے ایک رہائشی نے  واقعہ کی اطلاع دی۔ شوہر نے اقبالی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ کھانے میں سے بیوی کا بال نکلا تھا جس پر غصے میں آکر اسے گنجا کردیا۔ بنگلادیش میں خواتین کے ساتھ نارواسلوک کے واقعات عام ہیں۔واضح رہے کہ  بنگلادیش میں رواں برس کے پہلے 6 ماہ میں 630 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جن میں 37 کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جب کہ 7 نے خودکشی کرلی تاہم کسی ملزم کو سزا نہیں ہوسکی۔

فیس بک کی دوستی انڈونیشین خاتون کو پاکپتن لے آئی

پاکپتن: انڈونیشین خاتون نے پاکپتن کے رہائشی نوجوان سے شادی کرکے فیس بک کو دوستی کو ازدواجی زندگی میں بدل لیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک اور دوستی ازدواجی زندگی میں بدل گئی اور انڈونیشین لڑکی نے پاکستان پہنچ کر نوجوان سے نکاح کر لیا۔تحصیل عارفوالا کے نواحی گاؤں 59 ای بی کے رہائشی نوجوان عامر سہیل کی انڈونیشین دوشیزہ دیوی فیری ولینڈیری سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو محبت میں بدلی اور بعد میں شادی کے بندھن میں تبدیل ہوگئی۔نوبیاہتا جوڑے کے مطابق شادی کے بعد مقامی پولیس تنگ کررہی ہے، جس پر جوڑے نے ایڈیشنل سیشن کورٹ اسرار زادہ میں ایک درخواست دائر کردی ہے، جب کہ مقامی عدالت کی جانب سے کل مقامی پولیس کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی ایس پی سے واقعہ کی رپوٹ بھی طلب کر لی۔

بھارت میں سڑک چھاپ بھکاری لاکھوں کا مالک نکلا

ممبئی: (ویب ڈیسک)بھارت میں بھیک مانگ کر گزارا کرنے والے بھکاری کی جھگی سے 1 لاکھ 77 ہزار مالیت کے سکے ملے ہیں جب کہ بینک اکاؤنٹ میں بھی پونے 9 لاکھ سے زائد رقم موجود ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے بھکاری کی شناخت ہوگئی ہے، 62 سالہ اربھی چند نامی شخص کا ریلوے اسٹیشن کے قریب ہی ایک چھوٹی سی جھگی میں بسیرا تھا۔ تلاشی کے دوران جھگی سے برتنوں اور تھیلوں میں چھپائے گئے سکے ملے ہیں جن کی کُل مالیت 1 لاکھ 77 ہزار تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان سکوں کو گننے میں کئی گھنٹے لگ گئے جب کہ جھگی سے بھکاری کے ایسے دستاویز بھی ملی ہیں جس سے اس کے بینک اکاؤنٹ کا پتا چلا جن میں 8 لاکھ 77 ہزار روپے موجود ہیں۔ دستاویز سے پتا چلا کہ وہ راجھستان کا رہائشی ہے جو کئی برس سے ممبئی میں رہائش پذیر تھا اور کبھی کبھی اپنے گھر جایا کرتا تھا۔