اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں رہنے والے چینی شہریوں کا ڈیٹا مرتب کرلیا گیا ہے اور ان کی سکیورتی سخت کردی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے، اس حوالے سے وزیر داخلہ کی ہدایت پراسلام آباد پولیس متحرک ہو گئی ہے۔ پولیس نے اسلام آباد میں رہنے والے چینی شہریوں کا ڈیٹا مرتب کر لیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے چینی باشندوں کے حوالے سے وزیر داخلہ کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں اس وقت 4 ہزار چینی باشندے رہائش پزیر ہیں۔ ان میں وہ چینی شہری بھی شامل ہیں جو سی پیک منصوبوں سے منسلک ہیں۔
ذرائع کے مطابق 25سو سے زائد چینی شہری تعلیم کے لیے وفاقی دارالحکومت میں مقیم ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے غیر ملکیوں کے لیے نظرثانی شدہ سکیورٹی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی پیک سے منسلک چینیوں کی مسلسل باقاعدہ حفاظتی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔ سیف سٹی کی مدد سے بھی چینی شہریوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے اسپیشل برانچ کو غیر ملکیوں خصوصاً چینی شہریوںکی سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔