تازہ تر ین

سلمان خان فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم کی خودکشی کی کوشش

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم نے دورانِ حراست خودکشی کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ انوج تھاپن نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر سلمان خان کے ممبئی کے گھر کے باہر فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحے کا انتظام کیا تھا۔

انوج تھاپن نے ملزم وکی گپتا اور ساگر کو اسلحہ فراہم کیا تھا اور پھر انہوں نے 14 اپریل کی صبح سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہلے ملزم وکی گپتا اور ساگر کو ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا تھا اور پھر 26 اپریل کو انوج تھاپن کو بھارتی ریاست پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔

اب پولیس ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انوج تھاپن نے مبینہ طور پر پولیس حراست میں رہتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ انوج تھاپن کو کس چیز نے خودکشی کی کوشش کرنے پر مجبور کیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv