واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں شہریوں کا تحفظ یقینی نہ بنایا تو حمایت ترک کرسکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں شہریوں کو پہنچے والے نقصان، انسانی تکلیف اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مخصوص اقدامات کا اعلان کرے اور ان پر عمل درآمد کرے۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ اسرائیل کی جانب سے ان اقدامات پر فوری عمل درآمد کا جائزہ لیں گے جس کے مطابق غزہ پر اپنی پالیسی کا تعین کریں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر ہم نے تبدیلیاں نہ دیکھیں جو ہم دیکھنا چاہتے ہیں تو ہماری پالیسی تبدیل ہو گی۔امریکا کئی مہینوں سے اسرائیل سے اپنی فوجی حکمت عملی تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔