وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی ہے کہ ہم لڑیں گے اور آخری حد تک جائیں گے۔
پشاور میں سینیٹ الیکشن پر سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس کے بعد علی امین گنڈا پور نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، مقابلہ کریں گے، غیرقانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پرمنتخب ارکان نے غیرقانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنےکی درخواست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے۔
علی امین نے مزید کہا کہ ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے، آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتا ہے، لیکن نہیں کرائے گئے، اس کے علاوہ ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستیں بھی چھین لی گئیں، یہ سارا نظام ایک روز بےنقاب ہوگا، کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے، ہم آخری حد تک جائیں گے۔