لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے، بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے، بانی اراکین نے موجودہ سیٹ اپ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آبزرورز کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں یہاں انٹرا پارٹی الیکشن کے طریقۂ کار، ووٹر لسٹ اور کاغذات نامزدگی کی معلومات لینے آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد نیک نیتی پر مبنی تھا، ہمارے ساتھیوں کی خواہش تھی کہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیں اور اپنا کردار ادا کریں، بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک پارٹی جو ملک میں جمہوریت کے حصول کا دعویٰ کرتی ہے وہ اپنے کارکنان پر بھروسہ کرنے کیلیے تیار نہیں ہے۔