تازہ تر ین

لاہور؛ نیوانارکلی میں دھماکا، سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت

آصف علی زرداری کا کہنا ہےکہ حکومت دہشت گردوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

سابق صدرآصف علی زرداری نے لاہور کے علاقے نیوانارکلی پان منڈی میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشتگردی ملک کیلئے نیک فال نہیں، شہباز شریف

مسلم لیگی رہنما شہبازشریف کا کہنا ہےکہ لاہور کے زندہ دل اور تاریخی علاقے انار کلی میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔

 مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاکہ معصوم بچے اورغریب افراد اس میں نشانہ بنے جو انتہائی قابل مذمت ہے،جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لئے نیک فال نہیں، اللہ پاک اس واقعے میں زخمی ہونے والے بہن، بھائی اور بچوں کو شفائے کاملہ عطا فرمائے۔

حکومت زخمیوں کے فوری علاج و معالجے کیلئے اقدامات کرے، بلاول

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے  جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے، ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ اسلام آباد میں طالبان دہشت گردوں کی جانب سے پولیس افسران کی شہادت کے بعد اب انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں اس سے قبل فرقہ وارانہ واقعے میں 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی.

لاہور؛ نیوانارکلی میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی

لاہور کے علاقے نیوانارکلی پان منڈی میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے نیو انار کلی بازار کی پان منڈی میں عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے 6 موٹر سائیکلیں اور اردگرد کی دکانیں تباہ جب کہ گاڑیوں میں بھی آگ گئی۔

دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طبی عملے نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 20 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں شواہد اکٹھا کررہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ایسا لگتا ہے کہ دھماکے میں موٹرسائیکل استعمال کی گئی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv