پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور صدر پاکستان دہشتگردوں سے ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کاش27دسمبر کوئی خاص دن نہیں ایک عام سا دن ہوتا، کاش اس دن کوئی برسی ہوتی نہ کوئی ماتم ہوتا، گزشتہ 14سال سے ہم اس تاریخ کو ماتم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آصفہ اور بختاور آج بھی اپنی ماں کو یاد کرتے ہیں،14سال گزر چکے، آج بھی شہید بی بی کویاد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہمارا پیارا پاکستان مشکل میں ہے، آج پاکستان میں جمہوریت صرف نام کی رہی ہے، ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہم نے جمہوریت کو بحال بھی کیا، پیپلزپارٹی نے تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور صدر پاکستان دہشتگردوں سے ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں، جمہوریت کو نقصان اور عوام کے ووٹ کے عزت کو پامال کیاگیا، عوام آج سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، بی بی شہید نے دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی ،سوات میں قومی پرچم لہرایا۔

