ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کالجز میں داخلے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 50 فیصد مارکس کی شرط پر دیے جائیں گے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو سے سندھ کے پرائیویٹ میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز کے سربراہان نے ملاقات کی جس میں ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد مارکس کے شرط پر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے، جس کے مطابق پرائیوٹ کالجز داخلے کا عمل شروع کر سکتے ہیں ، پرائیویٹ کالجز میڈیکل تعلیم اور صحت کی سہولیات کے شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ پرائیویٹ کالجز کے سندھ میں تمام قانونی معاملات پر ان کے ساتھ ہیں ، پی ایم سے کی طرف سے کسی بھی اقدام کو سندھ میں قانونی سطح پر روکا جاۓ گا ، ہماری خواہش ہے پرائیویٹ کالج کی کوئی سیٹ خالی نہیں رہے، سندھ کے ڈومیسائل پر ایڈمیشن میں ترجیح دی جاۓ۔
وزیر صحت سندھ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ کالجز میں داخلے کے لیے سندھ کے بعد دوسرے مرحلے میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پھر بلوچستان کے بچوں کو ایڈمیشن میں ترجیح دی جاۓ۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ سندھ میں 29 پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹس ہیں، جس میں 17 میڈیکل اور 12 ڈینٹل کالجز ہیں۔
واضح رہے کہ پرائیویٹ کالجز کے لیے ایڈمیٹنگ یونیورسٹی نہ صرف داخلے کے معاملات کو دیکھے گی بلکہ آئیندہ داخلے کے معاملات کے سلسلے میں پی ایم سی کے اقدامات کا قانونی سطح پر بھی سامنا کرے گی۔

