تازہ تر ین

وزیر اعظم، آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقاتیں، محمد بن سلمان نے عمران خان کا ائیر پورٹ پر استقبال کیا، وفود کی سطح پر مذاکرات، 5 معاہدوں پر دستخط

اعلیٰ رابطہ کونسل قائم کی جائیگی،قیادت عمران خان اور محمد بن سلمان کرینگے ، مجرموں کے تبادلے ، جرائم کیخلاف تعاون، ماحولیات،توانائی منصوبوں کے معاہدے ،3 مفاہمتی یادداشتیں ، وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیہ، او آئی سی جنرل سیکرٹری سے بھی ملیں گے ، سعودی عرب کی خودمختاری اور مقامات مقدسہ کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں:آرمی چیف کی ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد، ریاض()وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے ہی سعودی عرب کے دورہ پر موجود ہیں جہاں دونوں کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون ا ہم ملاقاتیں ہوئیں اور 5 معاہدوں اور 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے طیارے نے رات کے وقت کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈ کیا ۔ پاکستانی سفارتخانے کے ایک ترجمان کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر علیم خان بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وزیراعظم ایئرپورٹ سے شاہی پیلس پہنچے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید احمد بھی ہمراہ تھے ، وہاں بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کا پیلس میں استقبال کیا۔ دونوں رہنمائوں کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ا ور دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی پاکستان سپریم رابطہ کونسل کے قیام ،ماحولیات کے شعبے میں تعاون ، سزا یافتہ مجرمان کے تبادلے ،جرائم کے خلاف تعاون اور توانائی منصوبوں کے فریم ورک سے متعلق معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ اس حوالے سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا تھا کہ سب سے اہم معاہدہ سعودی عرب اور پاکستان کی اعلیٰ رابطہ کونسل کا قیام ہے ، جس میں سعودی عرب کی طرف سے قیادت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کریں گے ۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین 3 مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے ۔ جن میں منشیات کی غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام ، میڈیا کے شعبے میں تعاون اور ورکرز ریکروٹمنٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں ۔ بعد ازاں وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں اہم شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور روضہ رسولؐ پر حاضری دینگے ۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسی ،مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کی مساجد کے امام صاحبان سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم جدہ میں پاکستانی برادری سے بھی ملیں گے ۔ قبل ازیں سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر موجود آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود سے ملاقاتیں کیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت ، دوطرفہ دفاعی تعلقات ، سلامتی ، علاقائی امن کے لئے باہمی تعاون اور رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور دونوں مقدس مساجد کے دفاع کے لیے پر عزم ہے ۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور دونوں قومیں امت مسلمہ کی بہتری اور امن واستحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔دریں اثنا نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دِفاعی تعلقات کے علاوہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv